نیب ریفرنس میں نواز شریف کی تمام جائیدادیں قرق کر لی گئیں

ویب ڈیسک  منگل 19 جنوری 2021
غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں میر شکیل پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مقرر

غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں میر شکیل پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مقرر

 لاہور: نیب ریفرنس میں میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی تمام جائیدادیں قرق کر لی گئیں۔

احتساب عدالت لاہور میں جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل کیخلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے میر شکیل پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔

نیب تفتیشی افسر عابد حسین نے میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں نواز شریف کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں قرق کر لی ہیں، اس سے متعلق محکموں کی رپورٹ بھی منسلک کر دی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر شریک ملزم ہمایوں فیض رسول کو بھی طلب کر لیا۔ نیب ریفرنس میں میر شکیل، نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد کو مجرم قرار دیا گیا ہے جبکہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

نیب کی طرف سے اسپیشل پراسکیوٹر حارث قریشی پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلی نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ہی علاقے میں ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کئے جو کہ ایگزمپشن پالیسی 1986ء کی خلاف ورزی ہے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کر لیں اور اپنا جرم چھپانے کیلئے پلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔