گوگل لینس کے ڈاؤن لوڈ کی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز

ویب ڈیسک  بدھ 20 جنوری 2021
گوگل لینس انسٹالیشن کی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ فوٹو: فائل

گوگل لینس انسٹالیشن کی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ فوٹو: فائل

سان فرانسسکو: تجزیہ کاروں کے مطابق گوگل لینس ایک بہت کارآمد ایپ ہے جسے بری طرح نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ اس کے باوجود ڈاؤن لوڈ اورانسٹالیشن کی بات کی جائے تو یہ ایپ 50 کروڑ انسٹالیشن کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔ اس کامیابی میں گوگل لینس کو صرف ڈھائی برس کا عرصہ لگا ہے۔

اگرچہ اس کا تذکرہ کم کم ہوتا ہے لیکن سال 2020 میں اسے دنیا کی دس بہترین اینڈروئڈ ایپس میں شامل کیا گیا تھا۔ گوگل لینس میں آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) کا طاقتور فیچر ہے جو اطراف کی اشیا کو شناخت کرسکتا ہے۔ یہ ایپ اسکین کرتی ہے، ان کی شناخت کرکے کسی لکھی تحریر کا ترجمہ بھی کرسکتی ہے۔ یہ بچوں کے ہوم ورک میں مدد کرسکتی ہے اور کووڈ 19 کی وبا میں اس سے بہت فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گوگل لینس سے دیکھا جانے والا ٹیکسٹ الفاظ کی صورت میں پڑھا جاسکتا ہ جبکہ کاپی ٹو کمپیوٹر جیسے آپشن سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ لینس کے استعمالات یہیں ختم نہیں ہوتے اس کے دیگر فیچرز بھی ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔

اس کے علاوہ لباس اور فرنیچر کی تلاش میں بھی یہ لینس مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اگرآپ کسی دوسرے ملک میں ہیں تو ایپ سے وہاں کی عمارت یا جگہ کی تصویر لیجئے ایپ فوری طور پر اس کی تفصیلات جاری کردے گی۔ اس کے علاوہ یہ پودوں، جانوروں اور کیڑے مکوڑوں کو بھی شناخت کرسکتی ہے۔

جو بچے ریاضی میں مشکل سے دوچار ہیں، انہیں یہ ایپ کسی مسئلے کے حل کا درجہ بہ درجہ راستہ دکھاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔