سارک ممالک سے 340 اشیا کی درآمد پر ڈیوٹی 15 فیصد تک کم

ٹماٹر،پیاز،ادرک ودیگر سبزیاں،وہیکل ٹریکنگ سسٹم،نیٹ ورکنگ ایکویپمنٹس،وائٹ سیمنٹ، پلپ اور سرامکس انڈسٹری کا خام مال شامل


Irshad Ansari January 02, 2014
کسٹمزڈیوٹی5 فیصد لی جائیگی،نوٹیفکیشن جاری،فوری اطلاق ہوگا۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے سارک ممالک سے ٹماٹر، پیاز، ادرک و دیگر سبزیاں وی سی آر، وی سی پی، وائٹ سیمنٹ سمیت مجموعی طور پر 340 سے زائد اشیا کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کم کر کے 5فیصد کردی ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ر یونیو نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن نمبر 1073(I)/2013جاری کردیا جس کے تحت29 دسمبر 2006 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر1274(I)/2006 میں ترامیم کردی گئی ہیں اور اس ترمیمی نوٹیفکیشن کے تحت سارک ممالک سے اشیا کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے سارک ممالک سے سبزیاں، وڈکا، وی سی آر اور وی سی پی سمیت 340 اشیا کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کم کرکے 5فیصد کردی ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2014 سے کردیا گیا ہے۔



پہلے ان اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح 7 سے 20 فیصد تک تھی، جن اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کم کی گئی ہے ان میں پیاز، ادرک و دیگر سبزیاں اور انکے مکسچرز، وہیکل ٹریکنگ سسٹم، لیزر ویڈیو ڈسک پلیئر، وی سی آر، وی سی پی، واکی ٹاکی سیٹ، موڈیم، ایمپلی فائرز، ڈبنگ سسٹم، نیٹ ورکنگ ایکویپمنٹس، ٹیلی فون اٹیچمنٹس، پالشز، کریمیں، بکرم، وائٹ سیمنٹ، وڈکا، اسپارک لنگ وائن، کینو، اورنج، مینگو پلپ اور سرامکس انڈسٹری میں استعمال ہونے والا خام مال شامل ہے، اس کے علاوہ خام تیل کی درآمد پر بھی کسٹمز ڈیوٹی کم کرکے 2263روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی ہے۔