کوئی دھونس یا بلیک میلنگ احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی، چیئرمین نیب

ویب ڈیسک  منگل 26 جنوری 2021
نیب کے خلاف پراپیگنڈا وہی کر رہے ہیں جن کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے، جاوید اقبال

نیب کے خلاف پراپیگنڈا وہی کر رہے ہیں جن کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے، جاوید اقبال

 اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کوئی دھونس یا بلیک میلنگ احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی دھونس یا بلیک میلنگ احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی، اپنا کام بڑے اطمینان سے کر رہے ہیں، نیب کیخلاف تواتر سے پراپگینڈا جاری ہے، صرف یہی کہنا رہ گیا ہے کہ کورونا بھی نیب نے پھیلایا، نیب کے خلاف پراپیگنڈا وہی کر رہے ہیں جن کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے، میں کسی کو ذاتی طور پر جانتا نہیں تو ذاتی انتقام کیا لوں گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ مذموم پروپیگنڈے کی وجہ سےنیب کٹہرے میں کھڑا ہوگیا ہے، لیکن کوئی دھمکی،بلیک میلنگ راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی، اگرنیب نے غلط ریفرنس دائرکیا ہے توعدالت میں چلے جائیں، وہ لوگ جنہیں آپ ہاتھ تک نہیں لگاسکتے تھے ان کوبھی نیب میں بلوایا، ایک صوبےمیں 10 سے 15 ارب روپے کی گندم کی خرد برد کی گئی، بتایا گیا گہ 10 سے 15 ارب روپے کی گندم چوہے کھاگئے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر پیسے لیے، ہم نے پوچھا تو کہاگیا جگہ تو ابھی خریدی نہیں،آپ خرید کردیدیں، اڑھائی ہزار لوگوں کے ساتھ معاملہ ہوتو پرائیویٹ نہیں رہتا، اصل بزنس مین اور ڈکیت میں فرق ہے، اگر ڈکیت ہے تو نیب قانون کے مطابق کیس دیکھتا ہے، اصل بزنس مین کی طرف نیب آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتا، ہم نے کسی شعبے میں بے جا مداخلت نہیں کی۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ایف بی آر سے متعلق کوئی کیس نیب کے پاس نہیں، نیب نے کسی کیس میں رکاوٹ ڈالی ہے تو فہرست دیں، تاجروں کا کوئی بھی کیس نیب کے دائرہ اختیارسے باہر ہے تو ہمیں بتائیں، دفترسے نکلنے سے پہلے آپ کا کیس ٹرانسفر کر دیا جائے گا، کسی سرمایہ کارسےآج تک یہ نہیں پوچھا،آپ سرمایہ کہاں سےلائے، ایک صورت میں ضرورپوچھااگرآپ نےمنی لانڈرنگ کی ، تاجروں کی شکایات کاازالہ کیاجائےگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔