انسٹاگرام نے صارفین کی آمدنی کے لیے پروفیشنل ڈیش بورڈ پیش کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جنوری 2021
انسٹاگرام نے صارفین کی سہولت اور کچھ معاوضہ بنانے کے لیے پروفیشنل ڈیش بورڈ کی سہولت پیش کردی ہے ۔ فوٹو: سوشل میڈیا ڈیلی

انسٹاگرام نے صارفین کی سہولت اور کچھ معاوضہ بنانے کے لیے پروفیشنل ڈیش بورڈ کی سہولت پیش کردی ہے ۔ فوٹو: سوشل میڈیا ڈیلی

سان فرانسسکو: سوشل میڈیا کے مشہور پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اب غیرمعمولی تبدیلیاں کی ہیں جن کی بدولت پوسٹ کو ذیادہ اہم اور جاذبِ نظر بنایا جاسکتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ انسٹاگرامر اپنی آمدنی بڑھا سکیں اور کاروبار کو فروغ دے سکیں۔

اگرچہ انسٹاگرام ایک بہترین سوشل میڈیا ایپ ہے لیکن اس میں کاروبار اور مارکیٹنگ کو وسعت دینے کا پہلوکمزور تھا۔ اسی کمی کو دیکھتے ہوئے انسٹاگرام نے ’پروفیشنل ڈیش بورڈ‘ پیش کیا ہے۔ ڈیش بورڈ میں وہ تمام ٹولز، سہولیات اور آپشن ایک جگہ جمع کردیئے گئے ہیں جو انسٹاگرام کے دیگر مقامات پر موجود تھے۔ اس طرح تخلیقی انداز میں کام کرنے میں تیزی پیدا ہوتی ہے اور بالخصوص مارکیٹنگ میں سہولت ہوتی ہے۔

پروفیشنل ڈیش بورڈ کو ہوم والے حصے میں رکھا گیا ہے۔ اس کی بابت انسٹاگرام نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ انسٹا گرام اپنے تخلیق کاروں کے جذبے کو آمدنی اور چھوٹے کاروبار میں بھی باسہولت بنانا چاہتا ہے۔ اسی مناسبت سے ٹولز اور سہولیات سے بھرپور پروفیشنل ڈیش بورڈ بنایا گیا ہے۔ اس سے کارکردگی اور تخلیقی عمل کو تیز کیا جاسکے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سے تعلیمی پوسٹ بنانے میں بھی بہت مدد ملے گی۔‘

آج سے ہر انسٹاگرامر کسی تردد کے بغیر ڈیش بورڈ تک رسائی حاصل کرسکتا ہے اور اپنے کام کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے اپنی آمدنی میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔