پہلی عالمی ورچوئل ٹیکسٹائل نمائش کی سافٹ لانچنگ کی تقریب

’’ٹیکسپو‘‘ کے ورچوئل پلیٹ فارم پر یکم تا 5 فروری ٹیکسٹائل مصنوعات کی نمائش کی جائے گی


Staff Reporter January 31, 2021
برآمدکنندگان اپنی بہترین مصنوعات کے ساتھ اس فورم میں حصہ لیں گے، عبدالرزاق داؤد۔ فوٹو: فائل

SYDNEY: ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے تحت پاکستان میں پہلی بین الاقوامی ورچوئل ٹیکسٹائل نمائش (ٹیکسپو) کی سافٹ لانچنگ کی تقریب منعقد کی گئی۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت پاکستان میں پہلی بین الاقوامی ورچوئل ٹیکسٹائل نمائش (ٹیکسپو) کی سافٹ لانچنگ کی تقریب کیفے Aylanto میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد،سیکریٹری تجارت ایم صالح فاروقی اور ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹیو عارف احمد خان تھے۔

سافٹ لانچنگ کی تقریب میں فیشن اور شوبز کی دنیا کے نامور ستاروں سمیت ڈیزائنرز اور پاکستانی فیشن ہاؤسز کے بڑے ٹیکسٹائل گروپس نے شرکت کی۔ ٹیکسپو پر یکم تا 5فروری تک خصوصی طور پر تخلیق کیے گئے ورچوئل پلٹ فارم پر ٹیکسٹائل پر مبنی مصنوعات کی براہ راست نمائش کی جائے گی۔

موجودہ وبائی صورتحال اور ایونٹس نہ ہونے کے باعث ٹڈاپ نے ڈیجیٹائزنگ کے اقدام کے طور پر اس 4 روزہ ایونٹ کا اہتمام کیا ہے جس میں دنیا بھر سے غیر ملکی وفود شریک ہونگے۔نمائش میں ہائی اینڈ فیشن اپیرل، ریڈی میڈ گارمنٹس، ہوم ٹیکسٹائل، فیبرکس، پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹس اور فیس ماسک پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر عبدلرزاق داؤدکا ٹیکسپو سے متعلق کہنا تھا کہ مقامی بزنس کمیونٹی کے تعاون اور ٹڈاپ کی بے لوث کاوشوں سے ہم ایسا پلیٹ فارم تشکیل دینے میں کامیاب رہے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی سہولت پوری کرے گا اور یقینی طور پر یہ کوئی چھوٹا قدم نہیں ہے۔

سیکریٹری تجارت صالح فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کووڈ19 کے حقائق سے سیکھتے ہوئے ٹڈاپ بین الاقوامی تعاون اور ہمارے بر آمدکنندگان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے جو مکمل جوش و خروش اور اپنی بہترین مصنوعات کے ساتھ اس فورم میں حصہ لیں گے۔