اسمتھ نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو قدموں پر کھڑا کردیا

چھٹی وکٹ کیلیے128کی شراکت، اسٹوکس نے6 پلیئرزکوآئوٹ کیا،انگلش ٹیم نے جواب میں 8رنزپر ایک وکٹ گنوا دی


AFP/Sports Desk January 04, 2014
سڈنی ٹیسٹ: آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیون اسمتھ سنچری مکمل کرنے کے بعد داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اسٹیون اسمتھ نے لڑکھڑاتی کینگروزبیٹنگ لائن کو قدموں پر کھڑاکردیا، پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میں ان کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے ٹیم نے326 کا باعزت مجموعہ حاصل کرلیا۔

بریڈ ہیڈن نے75رنز کی اننگز کھیلی،97 پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد دونوں نے128رنز جوڑے، یوں انگلش بولرز کی ابتدائی کامیابیاں دھندلا گئیں، بین اسٹوکس نے 99رنز دیکر 6 وکٹیں لیں، جواب میں مہمان ٹیم نے صرف 8رنزپر ایک وکٹ گنوا دی۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی میں آخری ایشز ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جو آسٹریلیا کیلیے تباہی کا پیغام ثابت ہوا، صرف 97 رنز پر 5 بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے،کرس روجرز 11رنز بناکر بین اسٹوکس کا شکار ہوئے، ڈیوڈ وارنر (16) کو اسٹورٹ براڈ نے بولڈ کیا، مائیکل کلارک 10رنز پر اسٹوکس کی زد میں آگئے، سیریز میں مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے ٹیسٹ مستقبل دائو پر لانے والے جارج بیلی کی اننگز اس بار براڈ نے صرف ایک رن تک محدود کر دی، اسٹیون اسمتھ اور بریڈ ہیڈن نے استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتدریج اسکور آگے بڑھانا شروع کیا۔

 photo 5_zps6998830c.jpg

دونوں کی شراکت میں قیمتی 128 رنز بنے،بالآخر اسٹوکس نے ہیڈن(75) کی وکٹ حاصل کر کے انگلش کیمپ میں پھیلتی مایوسی کسی حد کم کی، اسمتھ دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ چھوٹی شراکتیں قائم کر کے کینگروز کا مجموعہ 300 کے پار پہنچانے میں کامیاب ہوگئے،انھوں نے مچل جونسن(12) کے ساتھ 44 اور پھر ریان ہیرس(22) کیساتھ 56 رنز جوڑے،اختتامی اوورز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے وہ بھی تیز رفتاری سے کھیلنے کی کوشش میں آئوٹ ہوگئے۔

انھوں نے 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،جونسن ڈیبیو میچ کھیلنے والے بورتھ وک کی پہلی ٹیسٹ وکٹ ثابت ہوئے، ریان ہیرس کے بعد پیٹرسڈل(0) اور اسمتھ کو اسٹوکس نے اپنے ایک ہی اوور میں آئوٹ کرکے آسٹریلوی اننگز کا 326 رنز پر اختتام کیا،میڈیم پیسر نے 99رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں، اسٹورٹ براڈ نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ کو6 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا، مچل جونسن نے مائیکل کیربیری کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا، پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم نے ایک وکٹ پر 8 رنز بنائے تھے، الیسٹر کک 7اور نائٹ واچ مین جیمز اینڈرسن ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو سیریز میں4-0 کی برتری حاصل ہے، انگلینڈ کو وائٹ واش کی خفت سے بچنے کیلیے غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔