رشی کپور کے بھائی اداکار راجیو کپور دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 9 فروری 2021
پوری کوشش کرنے کے باوجود ڈاکٹر میرے بھائی کو بچا نہیں سکے، رندھیر کپور فوٹوفائل

پوری کوشش کرنے کے باوجود ڈاکٹر میرے بھائی کو بچا نہیں سکے، رندھیر کپور فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار رشی کپور کے بھائی اداکار راجیو کپور دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی رشی کپور کو گزرے ایک سال بھی نہیں ہوا کہ کپور خاندان کا ایک اور بیٹا چل بسا۔ رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیوکپور نے آج اپنی آخری سانس لی۔

راجیو کپور58 برس کی عمر میں ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہاجارہا ہے کہ راجیوکپور کو دل کادورہ پڑنے کے فوراً بعد اسپتال لے جایاگیا تاہم وہاں پہنچتے ہی انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور67 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے

راجیوکپور کی موت کی خبر کی تصدیق ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے کی۔ انہوں نے کہا میں نے اپنے چھوٹے بھائی کو کھودیا۔ پوری کوشش کرنے کے باوجود ڈاکٹر میرے بھائی کو بچا نہیں سکے۔ رندھیر کپور نے مزید کہا کہ وہ ابھی اسپتال میں ہی ہیں اور لاش ملنے کا انتظار کررہے ہیں۔

آنجہانی اداکار رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے راجیوکپور کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ راجیو کپور 1983 میں ریلیز ہوئی فلم ’’ایک جان ہیں ہم‘‘ اور 1985 میں ریلیز ہوئی ’’رام تیری گنگامیلی‘‘ فلموں کے باعث جانے جاتے ہیں۔ اداکار کے علاوہ وہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی تھے۔ انہوں نے 1996 میں فلم’’پرم گرانتھ‘‘ ڈائریکٹ کی تھی اور اس فلم کے پروڈیوسر بھی وہی تھے۔ راجیو کپور کی آخری فلم ’’آ اب لوٹ چلیں‘‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی۔ جس میں راجیش کھنا، ایشوریارائے اور اکشے کھنا مرکزی کرداروں میں نظر آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔