آپ کا ڈجیٹل ہمزاد، آپ کی خوداعتمادی بڑھا سکتا ہے

ویب ڈیسک  جمعـء 12 فروری 2021
اگرآپ کو خود اپنا پراعتماد ڈجیٹل کلون دکھایا جائے تو اس سے بات کرنے کا خوف کم اور اعتماد بڑھتا ہے۔ فوٹو: فائل

اگرآپ کو خود اپنا پراعتماد ڈجیٹل کلون دکھایا جائے تو اس سے بات کرنے کا خوف کم اور اعتماد بڑھتا ہے۔ فوٹو: فائل

سوئزرلینڈ: بہت سے خواتین و حضرات کئی وجوہ سے عوامی گفتگو سے کتراتے ہیں اوراس کمی سے زندگی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ لیکن اگر انہیں افراد کو ان کا ڈجیٹل ہمزاد یا ان سے مشابہہ ماڈل کو پراعتماد دکھایا جائے تو اس سے جھجک ختم کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

گفتگو میں پریشانی کا سامنا کرنے والے خواتین و حضرات کو انہی جیسا ماڈل یا اوتار دکھایا گیا۔ لوگوں نے اپنے ہی ڈجیٹل کلون کو پراعتماد انداز میں مضبوط بدن بولی (باڈی لینگویج) کے ساتھ بات کرتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے فوری طور پر اس کا اثر بھی لیا۔

سوئزرلینڈ میں یونیورسٹی آف لاؤزین کی ماریان شمٹ مسٹ اور ان کی ٹیم نے 76 افراد کو ایک مطالعے کا حصہ بنایا۔ ان میں اکثریت انڈرگریجویٹ طلباوطالبات کی تھی اور خوتین کی تعداد 33 فیصد تھی۔

ان سے کہا گیا کہ وہ مجازی سامعین کے سامنے تین تین منٹ کی تقریر کریں۔ یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی اور اس کے بعد تمام شرکا کو ان سے ملتے جلتے یا غیرمشابہہ کمپیوٹرکرداروں کو دکھایا گیا جن میں کردار بہت پراعتماد لہجے میں گفتگو کرتے دکھائی دیئے۔ اب اس کے بعد تمام شرکا کو دوبارہ تین منٹ کی تقریر کرنے کو کہا گیا۔

اس تحقیق کے نتائج پرغورکرنے سے معلوم ہوا کہ اس ویڈیو کا فرق مرد شرکا میں غیرمعمولی طورپرنمایاں ہوا۔ مردوں میں شامل ایسے افراد بھی تھے جو عوامی گفتگو میں نہ بولنے کے احساس میں مبتلا تھے۔ جب انہوں نے اپنے ڈجیٹل جڑواں کو پراعتماد دیکھا تو مجموعی طور پر ان کی کارکردگی 22 فیصد بہتر ہوئی۔ اس طرح کئی شرکا میں خود اعتمادی بھی نوٹ کی گئی ۔

ان میں سے جن لوگوں نے ہوبہو اپنے ماڈلوں کو دیکھا تو ان میں دیگر کے مقابلے میں ذیادہ اعتماد نوٹ کیا گیا۔

’اگرآپ شرمیلے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ آپ یہ (عوامی خطاب) نہیں کرسکتے تو آپ خود کو دیکھ کر اپنے آپ کو بہتر بناسکتے ہیں۔ جب آپ اپنا ڈجیٹل اوتار دیکھ کر اس سے سیکھتے ہیں تو اس سے ذہنی تناؤ دور ہوتا ہے اور اپنے رویے کو بہتر طور پر تصورکرسکتےہیں۔ اس ویڈیو میں آپ خود کو ہاتھ ہلاتا دیکھ سکتے ہیں جو آپ عام انداز میں نہیں کرتے تو اس سے خوداعتمادی بڑھتی ہے۔‘ ڈاکٹر ماریان نے کہا۔

لیکن حیرت انگیز طور پر جب خواتین کو ان کے ڈجیٹل کلون دکھائے گئے تو اس سے ان پر کوئی مثبت اثر نہیں ہوا۔ اگلی تحقیق میں اس کی وجوہ جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

ماہرین نے کہا ہے کہ ڈجیٹل ماڈلوں کی بنیاد پر لوگوں اور بالخصوص طالبعلموں کو تربیت دے کر بہت سے فوائد سمیٹے جاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔