سعودی عرب میں بینک کو دھماکے سے اُڑانے کی کوشش

پولیس نے اے ٹی ایم کے کمرے میں گیس کا سلنڈر رکھنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک February 12, 2021
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، فوٹو : فائل

سعودی عرب کے ایک بینک کے اے ٹی ایم مشین کے کمرے کو دھماکے سے اُڑانے کے لیے گیس سلنڈر رکھنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ریاض میں سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ بینک کے اے ٹی ایم کے کمرے میں ایک گیس سلنڈر رکھا ہے جس میں سے گیس کا اخراج بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر بینک کا محاصرہ کرلیا اور اے ٹی ایم کے کمرے سے گیس سلنڈر کو ہٹا دیا۔ اس دوران کسی کو بھی بینک کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔



پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کو پہچان لیا جو 50 سالہ شخص تھا اور فوٹیجز میں گیس سلنڈر کو زمین پر دھکیلتے ہوئے اے ٹی ایم کے کمرے میں داخل ہوتا دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ملزم نے سلنڈر اے ٹی ایم کمرے میں رکھنے کی وجہ تاحال نہیں بتائی۔

مقبول خبریں