لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 21 فروری 2021
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں- فوٹو: پی ایس ایل

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں- فوٹو: پی ایس ایل

 کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے شکست دیدی۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے جب کہ لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ناکام ثابت ہوئے۔ سہیل 14 اور فخر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن 21 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

بین ڈنک 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سمت پٹیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈیوڈ ویزے نے کھاتہ کھلونے کی بھی زحمت نہیں کی اور پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ 33 اور راشد خان 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1363460393759350785

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے 2،2 جب کہ مجیب الرحمان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1363415367113179140

شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر امام الحق کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لیے آئے تاہم دوسرے اوپننگ بلے باز کامران اکمل بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد حیدر علی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1363421422232752130

پشاور زلمی کی جانب سے تجربہ کار بلے باز روی بوپارہ نے نصف سنچری اسکور کی اور شعیب ملک 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ رتھرفورڈ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ عماد بٹ 11 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، سلمان مرزا نے2 اور ڈیوڈ ویزے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔