عوام کا پیسا اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکنے والوں کا احتساب باقی ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  منگل 23 فروری 2021
 عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے، مریم نواز۔ فوٹو : فائل

عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے، مریم نواز۔ فوٹو : فائل

 لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کا پیسا اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکنے والوں کا احتساب باقی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‏نواز شریف کے دشمنوں کو پھر ذلت آمیزشکست ہوئی، کرپشن پکڑنے گئے تھے لیکن 45 لاکھ دے کر جان چھڑوائی، نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں اور اللہ اپنے بندوں کی حفاظت خود کرتا ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے جو خزانے سے نہیں ذاتی جیبوں سے نکلوائے جائیں گے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ‏براڈشیٹ تو اپنے جھوٹے الزامات پر عدالت میں عزت افزائی کروا چکی ہے مگر ابھی ان لوگوں کا احتساب باقی ہے جو پاکستانی عوام کا پیسا اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکتے رہے، جو چھپ چھپ کہ براڈشیٹ والوں کو ملتے تھے اور اپنا حصہ مانگتے تھے تاہم اب سب حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ کو لندن فلیٹس کے بارے میں سوال اٹھانے اور پھر عدالت سے بھاگ جانے پر نواز شریف کے وکلاء کو 45 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے، جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔