آسٹریلیا میں بھیڑ کو 35 کلو اون کے بوجھ سے آزادی مل گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 فروری 2021
بھیڑ کے جسم سے اون اتارے 5 سال بیت گئے تھے، فوٹو : فیس بک

بھیڑ کے جسم سے اون اتارے 5 سال بیت گئے تھے، فوٹو : فیس بک

سڈنی: آسٹریلیا کے ایک جنگلاتی علاقے سے 35 کلو وزنی اون سے لدی بھیڑ ملی تھی جو بہ مشکل ہی چل پارہی تھی تاہم ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے اسے تکلیف دہ بوجھ سے نجات دلا دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست وکٹورین کے جنگل سے باراک نامی بھیڑ ملی تھی جس کے جسم کی پانچ سال سے صفائی نہ ہونے کے باعث اون ایک ٹیلے کی شکل اختیار کرگئی تھی اور بھیڑ 35 کلو وزن لادے بہ مشکل چل پارہی تھی۔

خوش قسمتی سے اس بھیڑ کو جانوروں کی بہبود کے ایک ادارے کے اہلکاروں نے دیکھ لیا۔ بھیڑ کو ایڈگر مشن فارم سینکچوری نامی جانوروں کی پناہ گاہ لایا گیا۔ ماہرین حیران تھے کہ اتنا بوجھ ہونے کے باوجود اس کی ریڑھ کی ہڈی سلامت تھی۔

بھیڑ کو پورے جسم میں اون کا ڈھیر لگ جانے کے باعث نہ صرف چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا تھا بلکہ وہ ٹھیک طرح کھا بھی نہیں سکتی تھی۔ اون کی زیادتی کے باعث گرم اور خشک موسم میں بھیڑ کا زندہ رہنا بھی کسی معجزے سے کم نہ تھا۔

جانوروں کی پناہ گاہ کے ملازمین نے ’’باراک‘‘ کے جسم سے اون اتاری، اون کا وزن 35 کلو سے زیادہ تھا۔ بھیڑ نے اون کا بوجھ اترنے پر دوڑ لگائی اور جی بھر کر چارہ کھایا۔

واضح رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ اون رکھنے کا اعزاز کرس نامی بھیڑ کے پاس ہے جس کے جسم سے 41 کلو اون اتاری گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔