پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا احسان مانی اور وسیم خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

عباس رضا  جمعرات 4 مارچ 2021
ان دونوں آفیشلز کی غفلت سے پی ایس ایل ادھورا رہ گیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، کمیٹی (فوٹو : فائل)

ان دونوں آفیشلز کی غفلت سے پی ایس ایل ادھورا رہ گیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، کمیٹی (فوٹو : فائل)

 لاہور: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سی ای او وسیم خان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

نمائندہ ”ایکسپریس“ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے اس طرح درمیان میں التوا سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، مناسب بائیو سیکیورٹی اقدامات کے بجائے بورڈ نے اپنی شہرت کے لیے ملک کا نام خراب کیا، دونوں اعلیٰ آفیشلز کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم پر جب نیوزی لینڈ میں بائیو سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا الزام لگا تو وہاں کی وزارت صحت نے اسے وطن واپس بھیجنے کی دھمکی دے دی تھی، پی سی بی نے پی ایس ایل کے معاملات میں سندھ کی ہیلتھ منسٹری کو کتنا شامل کیا؟ کیا لیگ کے لیے اس سے این او سی لی گئی؟6 ٹیموں کے ساتھ کتنے ڈاکٹر تھے؟

یہ پڑھیں : کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 ملتوی

اقبال محمد علی نے کہا کہ برسوں تک ویران رہنے والے ملکی کرکٹ میدان سیکیورٹی فورسز کی انتھک محنت سے دوبارہ آباد ہوئے تھے، اب پی سی بی نے اس پر پانی پھیر دیا۔

رکن قومی اسمبلی نے برطانوی شہریت کے حامل وسیم خان اور احسان مانی سے سوال کیا کہ کیا وہ لندن جا کر فوراً گھر سے باہر نکل سکتے ہیں؟ 14 دن تک انھیں قدم بھی باہر نکالنے کی اجازت نہ ہوگی، ایسے میں انھوں نے پاکستان آنے والوں کو کیسے 2،2 دن میں باہر جانے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔