پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کو بڑا خطرہ لاحق

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 5 مارچ 2021
مکمل تحقیق کے بعد ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، انضمام الحق۔ فوٹو: فائل

مکمل تحقیق کے بعد ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، انضمام الحق۔ فوٹو: فائل

 لاہور: انضمام الحق نے پی ایس ایل کے التوا کو پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کیلیے خطرہ قرار دیدیا۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر انضمام الحق نے کہاکہ پی ایس ایل کے گذشتہ سیزن میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے میچز التوا کا شکار ہوگئے تھے، اس بار بھی یہی ہوا، غیر ملکی کرکٹرز اور ٹیمیں کہہ سکتی ہیں کہ یہاں انتظامات ناکافی ہیں، مستقبل میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ کرکٹرز کو ان کے بورڈز اور ملکوں کی جانب سے واپسی کیلیے ہدایات ملی ہیں،طویل انتظار کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلے کیا ایسی صورتحال میں کوئی ملک اپنے کھلاڑیوں کو یہاں بھیجنے کیلیے تیار ہوگا؟

انضمام الحق نے کہا کہ اسپانسرز کیلیے ہم نے ٹورنامنٹ تو شروع کردیا لیکن غلطیوں کا بھاری نقصان ہوا ہے، اگر ہم نے ان مسائل پر قابو پانے کیلیے درست اقدامات نہ اٹھائے اور معاملے کو دبا دیا تو اس طرح کے واقعات دوبارہ ہوں گے، ہمیں ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انھیں آئندہ معاملات سے دور رکھنا ہوگا، ہمیں دنیا کو بتانا ہوگا کہ ایکشن لے سکتے ہیں، اس طرح ایک مثال بھی قائم ہوگی اور لوگ آئندہ غلطیوں سے گریز کریں گے، پوری تحقیق کی جائے کہ کس نے بائیو ببل توڑا، تمام ٹیمیں ایک ہی ہوٹل میں تھیں،خدشہ ہے کہ مزید کئی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ بھی پازیٹیو آجائیں گے۔

دوسری جانب سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ عوام، میڈیا، سیکیورٹی ایجنسیز، فرنچائزز اور کھلاڑیوں نے اپنے خون پسینے اور آنسوؤں سے پی ایس ایل کو برانڈ بنایا، بورڈ مینجنٹ کی مجرمانہ غفلت کے سبب ٹورنامنٹ میں رخنہ پڑنے پر قوم سخت مایوسی کا شکار ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔