شہریوں کوطبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ڈسپنسری کا قیام خوش آئند ہے ،رؤف اختر فاروقی


Staff Reporter January 07, 2014
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رؤف اختر فاروقی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر صادق ہدایت للہ کوڈسپینسری کے لیے دوائیں دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ شہریوں کو صحت عامہ کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔

جن سے لاکھوں افراد استفادہ کرتے ہیں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت کراچی رجسٹری میں ڈسپنسری کا قیام خوش آئند ہے ، طبی اداروں کی بہتری ، ادویات کی فراہمی، جدید آلات سے اسپتالوں کو لیس کرنے کے لیے پلان ترتیب دیا گیا ہے اور اس پر موثر طریقے سے عملدرآمد کیا جائے گا، یہ بات انھوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں وکلا کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ڈسپنسری کا مہمان خصوصی کی حیثیت سے ا فتتاح کرتے ہوئے کہی۔



سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر صادق ہدایت اللہ ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر عبدالوہاب بلوچ ، جسٹس ہیلپ لائن کے ندیم شیخ ایڈوکیٹ، وکلا اور معززین شہر بھی اس موقع پر موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی عباسی شہید اسپتال، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس، سوبھراج اسپتال، سرفراز رفیقی شہید اسپتال، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، ہومیوپیتھک اسپتال ناظم آباد، لیپروسی اسپتال منگھوپیر سمیت 100 سے زائد چھوٹی بڑی ڈسپنسریاں اور شفاخانے چلا رہی ہے جبکہ یہ ملک کا واحد بلدیاتی ادارہ ہے جس کے تحت کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بھی قائم ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے محدود وسائل کے باوجود شہریوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔