سوئٹزرلینڈ میں نقاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی

ویب ڈیسک  پير 8 مارچ 2021
سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں عوامی مقامت پر حجاب پر پابندی ہوگی، فوٹو : فائل

سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں عوامی مقامت پر حجاب پر پابندی ہوگی، فوٹو : فائل

برن: سوئٹزرلینڈ میں ریفرنڈم کے نتیجے میں عوامی مقامات پر مسلم خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں حجاب پر پابندی عائد کرنے سے متعلق عوامی ریفرنڈم میں کانٹے کی رائے شماری ہوئی اور معمولی اکثریت کے باعث عوامی مقامات پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر برن کی مقامی حکومت کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ ریفرنڈم میں حجاب کے حق میں 51.2 فیصد ووٹ پڑے جب کہ 49 فیصد سے کچھ زائد نے حجاب پر پابندی کی مخالفت کی۔

یہ خبر پڑھیں : سوئس حکومت کی شہریوں سے نقاب پر پابندی کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل

ان نتائج کی روشنی میں برن کی مقامی حکومت نے یورپی یونین کے ممبر ممالک فرانس، بیلجیم، آسٹریا اور ڈنمارک کی طرح برن میں بھی مسلم خواتین کے عوامی مقامات پر نقاب یا برقعے کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کی وفاقی حکومت نے برن کے ووٹرز سے حجاب پر پابندی کے خلاف ووٹ دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ سوئٹزرلینڈ میں 40 ہزار سے زائد مسلمان آباد ہیں جو کہ آبادی کا 5 فیصد ہیں۔

واضح رہے کہ نقاب سے متعلق ریفرنڈم کا مطالبہ دائیں بازو کی قدامت پسند سیاسی جماعت ’اَیگرکِنگر کمیٹی‘ نے کیا تھا۔ ریفرنڈم کے نتائج پر اس جماعت نے جشن بھی منایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔