ان دیکھے دشمن کے کرکٹ پر وار جاری، پی سی بی کا کام ٹھپ

اسپورٹس رپورٹر  منگل 9 مارچ 2021
ویمن پلیئرزکی پریکٹس بھی منقطع،دورئہ جنوبی افریقہ سے قبل بائیوسیکیورٹی پر خدشات کے سائے گہرے۔ فوٹو : فائل

ویمن پلیئرزکی پریکٹس بھی منقطع،دورئہ جنوبی افریقہ سے قبل بائیوسیکیورٹی پر خدشات کے سائے گہرے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: ان دیکھے دشمن کے کرکٹ پر وار جاری ہیں جب کہ ایک سینئر عہدیدار کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کا کام ٹھپ ہوگیا اور دفاتر بند کردیے گئے۔

پی ایس ایل 6کے بعد کورونا وائرس نے پی سی بی ہیڈکوارٹرز پر بھی وار کردیا ہے، ایک سینئرعہدیدار میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بورڈ کے دفاتر فوری طورپر بند کرتے ہوئے اسٹاف کو آئندہ 3روز تک گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، انھیں کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کا سبق بھی دوبارہ یاد کروا دیا گیا۔

پی سی بی ترجمان نے عہدیدار کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے نام بتانے سے گریز کیا، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو اس کا علم ہے لیکن پرائیویسی برقرار رکھنے کیلیے نام شائع نہیں کیا جا رہا،دوسری جانب نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں جاری سرگرمیاں بھی معطل کردی گئیں۔

یہاں دورہ جنوبی افریقہ کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری تھا،11خواتین کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے غیرملکی ہیڈ کوچ کی زیرنگرانی بھی کام ہو رہا تھا، نئی صورتحال میں انھیں بھی ٹریننگ سے روک کر بتایا گیا ہے کہ اگلے پلان سے جمعے کو آگاہ کیا جائے گا، یاد رہے کہ کورونا وائرس کی زد میں آنے والے عہدیدار نے ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اب کورونا ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ مکمل ہونے کے بعد ہی کیمپ دوبارہ شروع کیا جائے گا، پی ایس ایل میچز ملتوی ہونے کے بعد منتخب قومی کرکٹرز کو بھی ٹریننگ کیلیے بلانے کا پلان بنایا جا رہا تھا مگر اب یہ مرحلہ کورونا کلیئرنس کے بعد ہی ہوگا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منتخب کھلاڑیوں کو ٹور سے قبل ٹیسٹنگ مراحل مکمل کرکے بائیو سکیور ببل میں ٹریننگ دینے کیا پلان ترتیب دیا جا رہا ہے، اس دوران پلیئرز کو کسی غیر متعلقہ شخص سے میل جول کی اجازت نہیں ہوگی، ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کا سلسلہ معطل کیے جانے کے بعد کھلاڑیوں کو بریفنگ بھی دی گئی ہے، استعفٰی دینے والے ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیرسربراہی کام کرنے والے میڈیکل پینل کی پی ایس ایل 6میں ناکامی کے بعد پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان بدھ کو متوقع ہے، دونوں ٹورز کیلیے سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ کھلاڑیوں کے انتخاب پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی، کپتان اور کوچ سے رائے لینے کے بعد بورڈ سربراہ کی منظوری سے 30رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا،آل راؤنڈر شاداب خان مکمل فٹ ہوگئے اور دورے کیلیے دستیابی ظاہر کردی ہے۔

کورونا کی صورتحال پر لاہور میں بائیو سکیور ٹریننگ کے بعد بھی ناخوشگوار واقعات سے بچنے کیلیے کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بھجوانے کی پلاننگ ہو رہی ہے، روانگی 27مارچ کو متوقع ہے۔

دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان ٹیم قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 3 ون ڈے میچز 2،4 اور 7 اپریل کو کھیلے گی،4 ٹی ٹوئنٹی10، 12، 14 اور 16 تاریخ کو ہوں گے، سیریز ختم ہونے کے اگلے روز ہی پاکستانی ٹیم زمبابوے روانہ ہوجائے گیِ جہاں 2ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی شیڈول ہیں،دونوں ٹورز کے دوران تینوں فارمیٹ کے کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہوئے انھیں ایک ساتھ پاکستان سے روانہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔