بنگلہ دیش نے ’’روٹھے دوست‘‘ کو منانے کا فیصلہ کرلیا

اہم ایونٹس کی میزبانی بچانے کیلیے یاد آگئی،سیکیورٹی خدشات دور کرنے کیلیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا


Sports Desk January 08, 2014
بی سی بی کے آفیشلز نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ،ذرائع کی تصدیق۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش نے ''روٹھے دوست''پاکستان کرکٹ بورڈ کو منانے کا فیصلہ کرلیا، اہم ایونٹس کی میزبانی بچانے کیلیے بی سی بی کو پھر پرانے ساتھی کا خیال آگیا۔

سیکیورٹی پر خدشات دور کرنے کیلیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا، آفیشلز کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دوریوں کو کم کیا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہاکہ فی الحال ہمیں شدت سے سری لنکن ٹیم کا انتظار ہے، ایس ایل سی کی تصدیق کے بعد ایشیا کپ کا معاملہ دیکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو2مرتبہ سبز باغ دکھا کر اپنا الو سیدھا کیا اور بدلے میں دونوں بار ٹیم بھیجنے کے اپنے وعدے سے مکر گیا، اب جبکہ اس کا اپنا ملک سیاسی کشیدگی کی آگ میں جل رہا ہے تو اسے پرانے دوست کا خیال آ ہی گیا۔ ایک بار پھر سے پی سی بی کے ساتھ اچھے تعلقات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بی سی بی کے اس فیصلے کی وجہ پاکستان بورڈ کے ایک آفیشل کی جانب سے سامنے آنے والا بیان بنا جس میں کہا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال پاکستانی ٹیم کے لیے مناسب نہیں، چونکہ وہاں پر پاکستان مخالف عناصر سرگرم ہیں اس لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کا مسئلہ کھڑا ہوسکتا ہے۔

 photo 2_zpsadf44629.jpg

اس پر بی سی بی نے ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کرنے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ بی سی بی کے آفیشلز نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ ان سے ملاقات میں بنگلہ دیش کی صورتحال سے متعلق وضاحت کرسکیں کہ یہاں پر پاکستانی کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ایک اور آفیشل نے کہا کہ پی سی بی ہمارے ملک کے حالات کے بارے میں غلط اندازہ لگائے بیٹھا ہے، عبدالقادر ملا کو پاکستان سے تعلق پر نہیں بلکہ قتل کے جرم میں پھانسی دی گئی، ہمیں یہ بات ان پر واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل اپنا شوپیس ایونٹ ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہی منعقد کرنے کی تصدیق کرچکی مگر پاکستان کرکٹ بورڈ بدستور سیکیورٹی صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہے۔ بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہاکہ فی الحال ہماری پوری توجہ رواں ماہ سری لنکا کی میزبانی پر مرکوز ہے، ہماری اے سی سی کی کولمبو میں میٹنگ کے دوران سری لنکن آفیشلز سے بات ہوئی، اس سے ہمیں یہی عندیہ ملا کہ وہ اپنی ٹیم بھیجیں گے تاہم حتمی فیصلہ 9 جنوری کو شیڈول آئی سی سی میٹنگ میں متوقع ہے۔