پی ایس ایل کا التوا؛ قومی کرکٹرز نے غلطیوں سے سبق نہ سیکھا

اسپورٹس رپورٹر / ایکسپریس نیوز  جمعرات 18 مارچ 2021
حسن علی میچ کھیلتے پائے گئے،پھرمثبت ٹیسٹ آگیا،ویمنزکی ٹریننگ جاری
 فوٹو:فائل

حسن علی میچ کھیلتے پائے گئے،پھرمثبت ٹیسٹ آگیا،ویمنزکی ٹریننگ جاری فوٹو:فائل

 لاہور:  بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہونے کے باوجود قومی کرکٹرز نے غلطیوں سے سبق نہ سیکھا۔

بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل6کو ملتوی کرنا پڑا، اس دوران کرکٹرز سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں، پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ کے سبب حکومت کی جانب سے کئی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

اس صورتحال کے باوجود قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرتے نظر آئے، انھوں نے منگل کو ٹیسٹ کیلیے سیمپل جمع کروایا تھا۔

ایس او پیز کے مطابق ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ گھر میں رہ کر رپورٹ کا انتظار کرتے،پھرکلیئر ہونے پر وہیں سے ہوٹل میں اسکواڈ کو جوائن کرتے مگر انھوں نے اپنے کلب کے مسائل حل کرانے کیلیے اسپورٹس بورڈ پنجاب کا رخ کیا،وہاں ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ و دیگر سے ملاقات کی، اگرچہ پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آگیا مگر اس کے بعد باہر گھومنے پھرنے کی وجہ سے وہ خود میں خطرے میں ڈال چکے۔

ملاقات کے بعد انھوں نے میڈیا کو موقف دینے سے گریز کیا اور جلد بازی میں کار ریورس کرتے ہوئے دوسری گاڑی کے ساتھ ٹکرانے سے بمشکل بچے، دوسری جانب حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، اس کے باوجود حسن علی گوجرانوالہ اکیڈمی میں کھیلتے پائے گئے، پی ایس ایل میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، کلیئر ہونے پر وہ گھر واپس آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جس کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا وہ حسن علی ہی ہیں،ادھر ویمن کرکٹرز کی لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ جاری ہے، دریں اثناء اسلام آباد میں پشاور زلمی کے ٹرائلز ہوئے،اس موقع پر وہاب ریاض، ڈیرن سیمی اور ہاشم آملہ موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔