مشرف کو مہاجر ہونے پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے متحدہ جرائم سے کیوں نہ روکا پی پی ن لیگ

الطاف حسین نے آئینہ دکھایاتوبرامان گئے،متحدہ ارکان،ڈاکٹرقدیرکی تذلیل پرخاموش کیوں رہے؟مشاہداللہ،سینیٹ میں گرماگرمی


Numainda Express January 09, 2014
طالبان سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تودوسرے آپشن کاحق محفوظ ہے،بلیغ،وزرا کی عدم موجودگی پر چیئرمین برہم فوٹو: فائل

سینیٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے کے حوالے سے بدھ کو بھی نوک جھونک جاری رہی اور مسلم لیگ (ن) و پیپلزپارٹی کے ارکان نے الطاف حسین کے حالیہ بیانات پر شدید تنقیدکی۔

ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پرویز مشرف کو اس لیے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے کہ وہ مہاجر ہیں ، الطاف حسین نے تو آئینہ دکھایا تھا جس کا اتنا برا منا گیا ، جب لو گوں کو حقوق نہیں دیئے جائیں گے تو نئے صوبے سے بات بڑھ کر نئے ملک تک چلی جاتی ہے اور بنگلہ دیش جیسا ملک بنتا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے مختار عاجز دھامرہ نے کہاکہ سندھ میں کوئی مہاجر نہیں سب سندھی ہیں،سندھ ون اور سندھ ٹوکے فارمولے بند کئے جائیں، تیسری نسل آ گئی ہے ، اب بھی خود کو مہاجر کیوں کہا جا رہا ہے ، سندھ محبت کی دھرتی ہے اس میں نفرت نہ پھیلائی جائے۔ ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی نے کہاکہ سندھ ہماری دھرتی ہے، مقامی سندھیوں نے ہمیں دونوں ہاتھوں سے ویلکم کیا ، ہمیں جگہ دی ، وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں ، کسی نے یہ نہیں کہا کہ سندھ کو توڑا جائے، ہم پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتے،نلیگ کے مشاہد اللہ نے کہا کہ الطاف حسین کو مہاجر سے اگر اتنی ہی محبت ہے تو اس کو جرائم سے کیوں نہیں روکا، 12 اکتوبر کو آئین توڑتے وقت ، لال مسجد آپریشن اور نواب اکبر بگٹی کو قتل کرتے وقت مہاجر کو کیوں منع نہیں کیا ۔

لال مسجد میں قتل عام پر الطاف حسین نے پرویز مشرف کو مبارکباد دی ، یہ ملک پاکستانیوں کیلئے بنا تھا لیکن اسے تقسیم در تقسیم کیا جا رہاہے ، اب تو نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ جرنل بھی سندھی ، پنجابی اور مہاجر کہلانے لگے ہیں ، جرنیلوں کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی بات نہ کی جائے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مہاجر نہیں تھے ، ان پر بھونڈا الزام عائد کیا گیا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی ایکسپورٹ کر دی ، کیا وہ اکیلا ایسا کر سکتا تھا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ناکردہ گناہوں پر تذلیل کی گئی ، اس مہاجر کیلئے کیوں آواز بلند نہیں کی گئی اوراب پرویز مشرف کو سزا دینے کا وقت آیا تو مہاجر مہاجر کیا جا رہاہے۔



اے این پی کے افراسیاب خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک پارٹی نے سڑکیں بلاک کررکھی ہیں جس کے باعث افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا 73 فیصد حصہ ایران شفٹ ہوگیا ہے، عالمی تجارت وفاقی معاملہ ہے، وفاقی حکومت اس کا نوٹس لے۔ سعید غنی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے بارے میں رپورٹ سامنے آئی کہ وہاں حکام نے اپنے عزیزوں کو بھرتی کیا ، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

سینیٹر رضا ربانی کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات حکومت کا پہلا آپشن ہے لیکن کامیابی نہ ملی تو حکومت دوسرے آپشن کا حق محفوظ رکھتی ہے ،امن وامان کا مسئلہ دو چار دن میں حل ہونیوالا نہیں ، اب تک 43 لاکھ غیر قانونی موبائل فون سمیں بند کی جاچکی ہیں ، کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزراء کی غیر حاضری پر چیئرمین نیئر حسین بخاری نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور قائد ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کے بغیر اجلاس کیسے چلایا جاسکتا ہے جس پر اجلاس 15 منٹ کیلیے ملتوی کردیا گیا۔

بعدازاں وزیر مملکت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ 2002ء سے اب تک امریکہ نے پاکستان کو سب سے زیادہ 2ارب 73کروڑ 46لاکھ ڈالر امداد دی جبکہ 96لاکھ 90ہزار ڈالر قرضہ ہے ، برطانیہ نے ایک ارب 36کروڑ ڈالر سے زائد امداد اور 89لاکھ ڈالر قرضہ دیا ، چین نے 40کروڑ 92لاکھ ڈالر امداد اور 4ارب 28کروڑ ڈالر سے زائد قرضہ ، سعودی عرب نے 65کروڑ 76لاکھ ڈالر امداد اور 88کروڑ 61لاکھ ڈالر قرضہ اور یورپی یونین نے 24کروڑ 14لاکھ ڈالر امداد دی۔ بعدازاں چیئرمین نے اجلاس ایک بار پھر ایک روز کے وقفے کیساتھ جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا۔ قبل ازیں ایوان میں سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی والدہ کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔