پے پال کی ’وینمو‘ نے کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت شروع کردی

ویب ڈیسک  منگل 20 اپريل 2021
پچھلے سال کورونا وبا کے باوجود بھی وینمو سروس کے ذریعے 159 ارب ڈالر کی رقوم منتقل کی گئیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

پچھلے سال کورونا وبا کے باوجود بھی وینمو سروس کے ذریعے 159 ارب ڈالر کی رقوم منتقل کی گئیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

سلیکان ویلی: رقم منتقلی کی مشہور عالمی سروس ’’پے پال‘‘ کے ماتحت ادارے ’’وینمو‘‘ نے کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ ’’وینمو‘‘ سروس اور ایپ کا مقصد افراد کے درمیان رقم کے تبادلے کو آسان اور تیز رفتار بنانا ہے۔

اس سروس کے صارفین کی تعداد سات کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ امریکی نوجوانوں میں خاص طور پر بہت مقبول ہے جو اپنے دوستوں یا اہلِ خانہ سے رقم کے لین دین میں یہی ایپ استعمال کرتے ہیں۔

پچھلے سال کورونا وبا کے باوجود بھی اس سروس کے ذریعے 159 ارب ڈالر کی رقم منتقل کی گئی۔

اب وینمو نے کرپٹو کرنسیز کا لین دین بھی اپنی خدمات میں شامل کرلیا ہے جس کے تحت عام صارفین بھی کم از کم ایک ڈالر کے عوض بٹ کوائن، ایتھریئم، لائٹ کوائن اور بٹ کوائن کیش جیسی کرنسیز کی خرید و فروخت کرسکیں گے؛ جس کے بعد انہیں اپنی ٹرانزیکشنز کو ایپ کی فیڈ میں پبلش کرنا ہوگا۔

یہی نہیں بلکہ کرپٹو کرنسی خرچ کرکے ’’وینمو‘‘ کے ذریعے آن لائن خریداری بھی کی جاسکتی ہے۔

کرپٹو کرنسی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پے پال کی ذیلی کمپنی کا بڑے پیمانے پر کرپٹو کرنسی کے لین دین کو ممکن بنانا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ دیگر مالیاتی ادارے بھی اس جانب توجہ دیئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔