بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال؛ کنگنا بھی پاکستانیوں کی ہمدردی کی معترف

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اپريل 2021
پاکستانیوں کی جانب سے #PakistanstandwithIndia کا ٹاپ ٹرینڈ دیکھ کر اچھا لگا، کنگنا کی ٹوئٹ

پاکستانیوں کی جانب سے #PakistanstandwithIndia کا ٹاپ ٹرینڈ دیکھ کر اچھا لگا، کنگنا کی ٹوئٹ

 ممبئی: بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال پر اداکارہ کنگنا رناوت بھی پاکستانیوں کی ہمدردی کی معترف ہوگئیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے اور وہاں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جب کہ ہر 4 منٹ میں ایک شخص اس وائرس سے ہلاک ہورہا ہے ایسے میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے پیغام میں بھارتی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی شہری کورونا کی خطرناک لہر سے نمٹ رہے ہیں، بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں۔

اس سے قبل ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی بھارت کو مدد کی پیشکش کرچکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی۔

خیال رہے بھارت میں ریکارڈ کورونا کیسز کے باعث  گزشتہ روز پاکستان میں ٹوئٹر پر #PakistanStandWithIndia کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا جس نے پاکستان مخالف سوچ رکھنے والے بالی ووڈ اداکاروں کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔

اپنے متنازع اور پاکستان مخالف بیانیہ کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’پاکستانیوں کی جانب سے #PakistanstandwithIndia کا ٹاپ ٹرینڈ دیکھ کر اچھا لگا، ہم بھی اس مشکل وقت میں ان کہ اس ہمدردی کے معترف ہیں‘‘۔

واضح رہے بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔