اداکارہ ایشل فیاض کی خلیل الرحمان قمر کیساتھ شادی کی خبروں پر وضاحت

ویب ڈیسک  بدھ 5 مئ 2021
 اللہ جانتا ہے  کہ میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں کس نے پھیلائیں ، ایشل فیاض فوٹوفائل

اللہ جانتا ہے کہ میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں کس نے پھیلائیں ، ایشل فیاض فوٹوفائل

کراچی: فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کی اداکارہ ایشل فیاض نے معروف رائٹر اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ شادی کی خبروں پر وضاحت دی ہے۔

اداکارہ ایشل فیاض حال ہی میں ندا یاسر کے شو ’’شان سحور‘‘ میں شریک ہوئیں۔ جہاں ندا نے ان سے ان کی اور خلیل الرحمان قمر کی شادی سے متعلق پھیلی قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھا تو ایشل نے جواب دیا اللہ جانتا ہے  کہ میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں کس نے پھیلائیں مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں۔

ایشل نے کہا جب میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں پھیلیں تو میں ڈر گئی تھی اور میں اپنے کمرے میں اکیلے بیٹھ کر رو رہی تھی لیکن مجھے میری والدہ نے سمجھایا ڈر کے بیٹھنے سے کچھ نہیں ہوگا لوگوں کے سامنے جاؤ اور وضاحت دو جس کے بعد میں نے انٹرویو میں ان تمام افواہوں کو جھوٹا قرار دیا۔

اداکارہ ایشل نے کہا خلیل الرحمان قمر میری فیملی کی طرح ہیں اور ان کی اہلیہ بہت غصے والی ہیں جب میری اور خلیل صاحب کی شادی کی افواہیں پھیلیں تو ان کی بیوی نے بہت سارے بلاگرز کو یہ جھوٹی افواہیں پھیلانے کے لیے ڈانٹا تھا۔

ایشل فیاض نے جھوٹی افواہیں پھیلنے کا ذمہ دار سوشل میڈیا کو قرار دیتے ہوئے کہا پہلے زندگی بہت آسان تھی لیکن سوشل میڈیا کے فعال ہونے کے بعد لوگ منفی ہوگئے ہیں اور دوسروں کو پریشان کرتے ہیں۔ ایشل کے برابر میں ہی بیٹھی اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا کہ سوشل میڈیا انسانوں کو ذہنی ٹارچر کرتا ہے۔

ایشل فیاض نے شو کے دوران اپنے اگلے پراجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں اپنی اگلی فلم ’’میں ہوں تیری گلناز‘‘ میں کام کررہی ہوں اور یہ فلم بھی خلیل الرحمان قمر کی ہی ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک سال قبل اداکارہ ایشل فیاض اور خلیل الرحمان قمر کی شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں بعد میں دونوں کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کردی گئی تھی۔ ایشل فیاض نے خلیل الرحمان قمر کی لکھی ہوئی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ میں بطور ہیروئن کام کیا تھا اس فلم کی ہدایات بھی خلیل الرحمان نے ہی دی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔