جھنگ میں 6 افراد کی ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے میونسپل افسر

تاحال حکومت نے نہیں پوچھا،شوہر واحدکفیل تھا، بیوہ عمر،پروگرام بات سے بات میں گفتگو


Monitoring Desk September 09, 2012
تاحال حکومت نے نہیں پوچھا،شوہر واحدکفیل تھا، بیوہ عمر،پروگرام بات سے بات میں گفتگو

جھنگ میونسپل کارپوریشن کی غفلت سے چک کھوکھراں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

28 اگست کوکنویں میں پیدا ہونے والی زہریلی گیس سے مرنے والوں میں 4 سینٹری ورکراور2 عام شہری تھے۔ پروگرام بات سے بات میں اینکر پرسن ڈاکٹرماریہ ذوالفقار نے ان افراد کی ہلاکت کے حقائق جاننے کی کوشش کی ہے۔ جھنگ میونسپل آفیسرمہرمحمد انور نے کہاکہ 6 افراد کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ہمارے چارساتھیوں اور دوعام شہریوں کی جان چلی گئی ۔معمولی سا کام تھا ایک موٹرکی شافٹ ٹوٹ گئی تھی جسے کھولنا تھا لیکن بدقسمتی سے ایک شخص کو بچانے کیلیے 6 افرادکی جان چلی گئی۔ مرنے والوں کے لواحقین میں سے ان کے بچوں یا بھائیوں کو نوکری دیں گے ۔ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاندان کے تین افراد شامل تھے ۔

کنویں میں موٹر ٹھیک کرنیوالے عمرحیات کی بیوی نے بتایا کہ ابھی تک حکومت کی طرف سے کسی نے ہمیں آکر نہیں پوچھا میرے نوبچے ہیں شوہر واحد کفیل تھا اب کوئی روزگارکا وسیلہ نہیں ۔عمرحیات کی بیٹی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب ہماری مدد کریں ۔ مرنے والوں میں دوسگے بھائیوں کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹوں نے ایک دوسرے کوبچانے کے لیے جان دی جس روز موٹر بند ہونے کی شکایت کی گئی تھی اسی روز اگرکام کرلیاجاتا تو کنویں میں زہریلی گیس نہ بھرتی اور افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا۔علاقہ مکینوں نے بتایاکہ جھنگ میں ناقص سیوریج سسٹم بیماریوں کے پھیلنے کی بڑی وجہ ہے ۔کہیں صفائی کا کوئی نظام نہیں۔