میا خلیفہ اور جی جی حدید سمیت متعدد شوبزشخصیات بھی فلسطینیوں کے حق میں بول پڑیں

ویب ڈیسک  بدھ 12 مئ 2021
شوبزسے وابستہ شخصیات کی جانب سے مسجد الاقصیٰ اور غزہ پر حملے کی بھر پور مذمت کی گئی ہے۔ فوٹوفائل

شوبزسے وابستہ شخصیات کی جانب سے مسجد الاقصیٰ اور غزہ پر حملے کی بھر پور مذمت کی گئی ہے۔ فوٹوفائل

کراچی: مسجد اقصیٰ میں معصوم فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوجیوں کے تشدد کے خلاف پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بین الاقوامی مشہور شخصیات بھی آواز اٹھارہی ہیں۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں اور  فلسطینی باشندوں پر تشدد پر دنیا کی خاموشی نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بین الاقوامی مشہور شخصیات کو بھی برہم کردیا ہےاور شوبزسے وابستہ شخصیات کی جانب سے مسجد الاقصیٰ اور غزہ پر حملے کی بھر پور مذمت کی گئی ہے۔

میا خلیفہ نے ٹوئٹر پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے مظالم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میں انسانیت کے خلاف ہونے والے جرائم دیکھ رہی ہوں جن کی امریکا سالانہ 3 اعشاریہ 8بلین ڈالرزکے ساتھ مالی اعانت کررہاہے۔ اس ٹوئٹ میں میاخلیفہ نے ’’فری فلسطین‘‘ یعنی فلسطین کی آزادی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

https://twitter.com/miakhalifa/status/1391778314843344896

صرف میا خلیفہ ہی نہیں بلکہ امریکا کی معروف سپر ماڈل جی جی حدید نے بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے  مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے کے بعد اسٹوری شیئر کی جس میں لکھا تھا ’’تم فلسطین کو مٹا نہیں سکوگے۔‘‘

اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا ’’ہم ان ماؤں کی عزت کرتے ہیں جنہوں نے پولیس کے تشدد اور ڈرون حملوں میں اپنے بچوں کو کھودیا اور ان فلسطینی ماؤں کی جو اپنے بچوں سمیت اسرائیلی جیل میں ہیں۔‘‘

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے انہوں نے ٹوئٹر پر اسرائیلی پولیس کی جانب سے مسجد الاقصیٰ پر حملے کی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا دل دہلانے والا منظر، وحشیانہ حملہ۔ ماہرہ نے ’’فلسطین لائیوز میٹرز‘‘کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اداکار فیروز خان نے مسجد الاقصی پر حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کرتےہوئے اسرائیلی حملوں کی بھرپور مزمت کی۔

صباقمر نے  فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر غصہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا فلسطین میں یہ دہشتگردی بند کی جائے۔ جو کچھ بھی وہاں ہورہا ہے وہ بہت خوفناک اوردل دکھانے والا ہے اس کے ساتھ انہوں نے ’’فری فلسطین‘‘، ‘’محفوظ فلسطین‘‘ اور ’’فلسطین لائیوز میٹرز‘‘ کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔

اداکارہ نیلم منیر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے دعاگو ہیں۔نیلم منیر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرمسجد الاقصٰی کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یا اللہ کشمیر ، فلسطین کو آزادی اور دنیا کے تمام مسلمانوں کوشیطان کے شر اور دشمنوں سے تحفظ عطا فرما۔

نیلم منیرنے مزید لکھا کہ’ ہم تیرے بغیر بے بس ہیں۔ یا اللہ ، براہ کرم ہمارے روتےہوئے بچوں اور مایوس ماؤں کو سنیں۔‘نیلم منیر نے مشکلات سے نجات کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ یا اللہ ہمیں غموں سے آزادی دے اور ہمیں مظالم سے بچالے۔‘انہوں نے اب تک شہید ہوجانے والوں کے لیے لکھا کہ ’یا اللہ شہید ہونے والوں کو جنت میں جگہ عطا فرما۔

اداکار احسن خان نے کہا کہ اگر ہم ننھے بچوں پر تشدد ہوتا دیکھ کر خاموش رہے تو اللہ ہمیں معاف نہیں کرے گا۔ احسن خان نے ٹوئٹر پرمسجد الاقصٰی کی ایک تصویر شئیر کی ہے، جس میں اسرائیلی فوج کو مسجد الاقصٰی پر حملہ آور دیکھا جا سکتا ہے۔احسن خان نے تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دنیا یروشلم میں رمضان کے پورے مہینے میں ہونے والی قتل و غارت گری کی گواہ ہے اور اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصی میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا۔ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔