کراچی سمیت سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 مئ 2021
لاڑکانہ، خیرپور، شہید بے نظیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

لاڑکانہ، خیرپور، شہید بے نظیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق پانچواں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، طوفان شدید سائیکلونک اسٹروم میں تبدیل ہوگیا اور اس کا فاصلہ کراچی سے 1310 کلومیٹر رہ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’’توکتے‘‘ آئندہ 12 سے 18 گھنٹوں کے دوران انتہائی شدت کے طوفان کی شکل اختیار کرے گا جب کہ اس کا رخ بتدریج شمال مغرب (بھارتی گجرات)کی جانب رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہواکے کم دباؤ کا یہ سلسلہ شمالی مغرب کی طرف بڑھتا ہوا 18 مئی تک بھارتی ریاست گجرات تک پہنچ جائے گا۔ طوفان کے اثرات کے سبب ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں تیز آندھی اور شدید  بارشیں متوقع ہیں، اور کراچی میں 17 سے 20 مئی کے دوران تندوتیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جب کہ دیہی سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، شکار پور، خیرپور، جامشورو، شہید بے نظیرآباد، جیکب آباد میں 18سے 20 مئی تک 70 سے 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے گرد آلود ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ ماہی گیر 16 سے 20 مئی تک گہرے سمندر میں جانے سے گُریز کریں۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنےکی ہدایت کردی ہے، اور کہا ہے کہ متعلقہ ادارے باہمی راوبط و ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔