اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری، شہدا کی تعداد 170 تک جاپہنچی

ویب ڈیسک  اتوار 16 مئ 2021
اسرائیلی کی غزہ میں بجلی کے نظام کو بند کرنے کی دھمکی

اسرائیلی کی غزہ میں بجلی کے نظام کو بند کرنے کی دھمکی

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کی فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 170 تک پہنچ گئی ہے۔

غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، عالمی برادری کی جانب سے بھرپور احتجاج کے بعد بھی اسرائیلی حکومت کی جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں، غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل کی فضائی بمباری سے مزید 8 معصوم بچوں سمیت 13 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد شہدا کی تعداد 170 تک جاپہنچی ہے جب کہ حماس کی جوابی کارروائی میں اسرائیل کے 10 شہری بھی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی حکومت نے غزہ میں بجلی کے نظام کو بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے جب کہ مسلسل بمباری اور ایندھن کی بندش کے باعث  پہلے ہی بجلی کی بندش سے گھروں کا کام متاثر ہو رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی غزہ میں اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجر کیمپ کے بعد صحافیوں کے زیر استعمال ایک 11 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا جس کےنتیجے میں پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

دوسری جانب سعودی عرب نے صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم میں شامل 5 ممالک کے وزراء خارجہ کا ورچوئل اجلاس طلب کرلیا ہے جب کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی کوئی صورت نکالنے کے لیےامریکی سفیر تل ابیب پہنچے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔