4 دن میں 100کروڑ کمانے والے سلمان خان ’رادھے‘ سے ایک لاکھ بھی نہ کماسکے

زنیرہ ضیاء  بدھ 19 مئ 2021
فلم کو آن لائن اچھے ویوز ملے لیکن فلم ’’رادھے‘‘ کو لوگوں نے زیادہ پسند نہیں کیا  فوٹوفائل

فلم کو آن لائن اچھے ویوز ملے لیکن فلم ’’رادھے‘‘ کو لوگوں نے زیادہ پسند نہیں کیا فوٹوفائل

کراچی: روز کروڑوں کمانے والے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ چار روز میں ایک لاکھ روپے بھی نہ کماسکی۔

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان صرف شخصیت سے دبنگ نہیں ہیں بلکہ ان کی فلمیں بھی دبنگ کمائی کرتی ہیں اورسلو میاں کی فلم کے لیے 100 کروڑ کمانا  کوئی بڑی بات نہیں۔ لیکن دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا نے سلمان خان کی فلموں کو بھی شدید متاثر کیا ہے اور جہاں ان کی فلمیں ایک روز میں کروڑوں کماتی تھیں اب یہ حال ہوگیا ہے کہ ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’رادھے‘‘ چار روز گزرنے کے باوجود ایک لاکھ روپے بھی نہ کماسکی۔

فلم ’’رادھے‘‘ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر کتنی کمائی کی

کورونا وبا کے باعث بھارتی سینما بند ہیں۔ اس صورتحال میں جہاں بھارت کے بڑے اسٹارز نے اپنی فلموں کی ریلیز روک دی ہے۔ وہیں سلو میاں نے اپنی فلم ’’رادھے‘‘ کو ریلیز کرنے کے لیے بہت بڑا رسک لیا اور اسے او ٹی ٹی اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز زی فائیو اور زی پلیکس پر ریلیز کیا۔

فلم کی ریلیز کے پہلے روز سلو میاں کے مداحوں نے بڑی تعداد میں فلم کو آن لائن دیکھا جس کی وجہ سے ویب سائٹ کا سرور بھی ڈاؤن ہوگیا تھا۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق حالانکہ فلم کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے آن لائن پلیٹ فارم کو لاگ ان کیا لیکن اس کے باوجود فلم نے کتنی کمائی کی اس بارے میں پیشگوئی نہیں کی جاسکتی کیونکہ فلم تھیٹرز میں ریلیز نہیں ہوئی۔

دی ہندو بزنس لائن ڈاٹ کام کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کے پہلے روز فلم ’’رادھے‘‘ کو 4.2 ملین بار دیکھا گیا۔ جس کی وجہ سے یہ بھارت میں آن لائن پلیٹ فارم پر تیسری سب سے زیادہ بار دیکھی جانے والی فلم بن گئی۔ اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’’دل بیچارا‘‘ اور ’’لکشمی‘‘ یہ دونوں فلمیں آن لائن  سب سے زیادہ دیکھی گئی تھیں۔

ویب سائٹ کے مطابق فلم ’’دل بیچارا‘‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر  75 ملین ویوز ملے تھے جب کہ فلم ’’لکشمی‘‘ جو کہ 2020 میں ریلیز ہوئی تھی اسے 20 سے 25 ملین بار دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’’رادھے‘‘ کا ٹریلر ریلیز

فلم کی سینما میں کمائی

یہ پہلی بار ہے کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوئی اور بھارت میں فلم نے نہ ہونے کے برابر بزنس کیا۔ تاہم بھارت کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ کے تین سینماؤں (ایس ایس آر روپاسی، بالاکا اور ایس ایس آر دھرمانگر سینماؤں)  میں فلم کو ریلیز کیا گیا اور یہ تین سینما کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے فلم کے روزانہ 11 شوز چلارہے ہیں۔

بھارتی فلموں کے تجارتی ماہرین نے فلم ’’رادھے‘‘ کی ان تین سینماؤں سے ہونے والی چار دن کی کمائی کے اعدادو شمار بتائے ہیں۔ فلم نے ریلیز کے پہلے دن 10 ہزار 432، دوسرے دن 22 ہزار 518، تیسرے روز 13 ہزار 485 اور چوتھے روز بھی 13 ہزار 485 روپے کمائے۔ اس طرح فلم ’’رادھے‘‘ نے چار روز میں ٹوٹل 59 ہزار 920 تقریباً 60 ہزار روپے کی کمائی کی۔ یہ اعدادوشمار بھارتی ریاست تری پورہ  کے صرف ان تین سینماؤں  کے ہیں۔ ان اعدادو شمار کو دیکھا جائے تو سلو میاں کی فلم جو کہ روزانہ کروڑوں کماتی تھی چار روز میں ایک لاکھ روپے بھی نہ کماسکی۔

فلم ’’رادھے‘‘ کی بین الاقوامی سینماؤں میں کمائی

بھارت میں کورونا کی خطرناک صورتحال اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلم ’’رادھے‘‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا گیا۔ تاہم دیگر ممالک میں کورونا کی صورتحال بھارت سے کہیں بہتر ہے اس لیے فلم کو دنیا بھر میں تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا۔ فلم نے آسٹریلیا میں پہلے روز 36 لاکھ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔ نیوزی لینڈ میں پہلے روز 5 لاکھ 90 ہزار بھارتی روپے، امریکا میں پہلے روز 24 لاکھ بھارتی روپے کی کمائی کی۔ جب کہ خلیجی ممالک  میں فلم  ’’رادھے‘‘ نے 3 کروڑ کا بزنس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سلوبھائی کی فلم ’رادھے‘ ریلیزکےایک گھنٹے بعد ہی لیک

فلم کی آئی ایم ڈی بی پر ریٹنگ

حالانکہ فلم کو آن لائن اچھے ویوز ملے ہیں لیکن فلم ’’رادھے‘‘ کو لوگوں نے زیادہ پسند نہیں کیا۔ آئی ایم ڈی بی پر سلومیاں کی فلم کو 66 ہزار ریویوز کی بنیاد پر 10 میں سے صرف 1.9 ریٹنگ ملی ہے جو کہ انتہائی کم ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’’رادھے‘‘ میں سلمان خان کے ساتھ اداکار جیکی شروف، دیشاپٹانی اور رندیپ ہوڈا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کے ٹریلر ریلیز کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے سلو میاں کی بلاک بسٹر فلم ’’وانٹڈ‘‘ کی کاپی قراردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔