غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اجرا نادرا کے 10 اہلکار زیرحراست

کراچی سے 4 اور 6 افسران و ملازمین کو، سرگودھا اور پنڈی سے حراست میں لیا گیا۔


Staff Reporter May 21, 2021
غیر قانونی کارڈز کے اجرا میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا، ترجمان نادرا ۔ فوٹو : فائل

نادرا کراچی کے 4 افسران کو غیرقانونی طورپر قومی شناختی کارڈز کے اجرا کے معاملے پر حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نادرا کراچی میں مختلف عہدوں پر تعینات 4 افسران کو غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈز جاری کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، مذکورہ افسران کے موبائل فونز گذشتہ کئی روز سے بند جارہے تھے، کراچی، سرگودھا اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر نادرا کے 10 افسران و ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق عوامی شکایات پر نادرا اور تحقیقاتی اداروں کا غیر ملکیوں کو اور غیر قانونی کارڈز کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں سرگودھا، راولپنڈی، کراچی میں چھاپوں کے دوران غیر قانونی اور غیر ملکی کارڈ پراسیس کرنے والے نادرا ملازمین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔