نعمت علی قتل کیس کے ملزم پر جیل میں تشدد بینائی متاثر

وکیل صفائی کی جیل حکام کے خلاف تحریری شکایت،ملزم کی میڈیکل رپورٹ 2 دن میں پیش کرنے کا حکم


Staff Reporter January 18, 2014
جیل حکام نے 30سے زائد سنگین مقدمات میں ملوث ملزم شجاعت ہاشمی کو حیدرآباد جیل منتقل کردیا . فوٹو: فائل

نعمت علی رندھاوا قتل کیس میں پابند سلاسل ملزم پر جیل حکام کی جانب سے شدید تشدد کیا گیا تشدد کے باعث اس کی بینائی متاثر ہوگئی ہے وکیل صفائی کی عدالت میں تحریری شکایت پر عدالت نے میڈیکل کرانے کا حکم دیا ہے۔

جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں وکیل صفائی نے تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے موکل کوملیر جیل میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث اس کی بینائی متاثر ہوگئی ہے، عدالت نے وکیل صفائی کی درخواست پر جیل حکام کو ملزم کا میڈیکل کرانے کا حکم دیتے ہوئے 2 دن میں رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور مقدمے کی سماعت 2فروری تک ملتوی کردی، جیل حکام نے حکومت سندھ کی ہدایت پر مبینہ طورپر 100سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور 30سے زائد مقدمات میں قید ملزم شجاعت ہاشمی کو حیدرآباد جیل منتقل کردیا۔



جمعہ کو جیل حکام نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو کی عدالت میں تحریری طور پر آگاہ کیا کہ حکومت کی ہدایت پر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ملزم شجاعت علی ہاشمی کوسیکیورٹی خدشات کے باعث حیدر آباد جیل منتقل کردیا گیاہے ، واضح رہے کہ جیل حکام نے اس سے قبل حکومت سندھ کو 52 سے زائد قیدیوں کو اندرون سندھ کی جیلوں میں منتقل کرنے کی سفارش کی تھی ، ملزم شجاعت علی ہاشمی پر 24 قتل ، 3غیر قانونی اسلحہ رکھنے ،2پولیس مقابلوں اور جلاؤگھیراؤ کے مقدمات درج ہیں ،عدالت نے کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی ۔