سری لنکا نے کچھوے کی چال اپنالی بولرز بے حال

ریویوز کے استعمال میں نادانی ناکامیوں کی کہانی لکھتی رہی، جنید خان اور محمد طلحہ کی3،3 وکٹیں


AFP/Sports Desk January 18, 2014
شارجہ ٹیسٹ: پہلی اننگز میں سری لنکن بیٹسمین دلروان پریرا کا آف سائیڈ کی جانب اسٹروک، وہ صرف 5رنز کی کمی سے پہلی سنچری مکمل نہ کر سکے، فوٹو: اے ایف پی

شارجہ ٹیسٹ میں انجیلو میتھیوز اور دلروان پریرا نے پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کردیا، دونوں بیٹسمینوں نے نروس نائنٹیز کا شکار ہونے سے قبل میزبان بولرز کے صبر کا خوب امتحان لیا۔

سری لنکا نے کچھوے کی چال اپناتے ہوئے بولرز کو بے حال کر دیا، ٹیم نے اننگز 9وکٹ پر 428رنز بناکر ڈیکلیئرڈکی، پیسرز اور اسپنرز 172اوورز میں بھی مہمان ٹیم کو آئوٹ نہ کرپائے، ریویوز کے استعمال میں نادانی ناکامیوں کی کہانی لکھتی رہی، مواقع پانے والے کپتان اور نمبر 8 بیٹسمین دلروان نے ساتویں وکٹ کیلیے 112رنز کی شراکت بنائی، جنید خان اور محمد طلحہٰ3،3، سعید اجمل2 اور عبدالرحمان ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فتح کے ساتھ سیریز برابر کرنے کا خواب دیکھنے والی میزبان ٹیم نے جوابی اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 19رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ کے پہلے دن محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 5وکٹ پر 220رنز بنانے والے آئی لینڈرز نے دوسرے روز بھی کچھوے کی چال چلتے ہوئے دفاعی پالیسی پر عمل درآمد کیا، پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب پرسنا جے وردنے گذشتہ روز کے اسکور 28 میں مزید 7 رنز کا اضافہ کرکے آئوٹ ہوئے،انھیں محمد طلحہٰ نے جنید خان کی معاونت سے پویلین بھیجا، یوں انجیلومیتھیوز کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 73 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا،اس دوران عبدالرحمان کی لیگ اسٹمپ کی طرف جاتی گیند میتھیوز ( 34) کے پیڈز پر لگی،امپائر نے اپیل مسترد کردی، پاکستان کا ریویو بھی فیصلہ تبدیل نہ کرا سکا، نئے بیٹسمین دلروان پریرا نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے کھانے کے وقفے تک ٹیم کا ٹوٹل 302 تک پہنچا دیا۔

 photo 1_zps51841682.jpg

دونوں کی شراکت 20پر ختم ہوجاتی لیکن کوئی ریویو باقی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان وکٹ سے محروم رہا،سعید اجمل کی گیند پر دلروان پریرا صاف ایل بی ڈبلیو تھے لیکن امپائر کاغلط فیصلہ بھی چیلنج نہ کیا جا سکا،اسی نوعیت کا ایک موقع انھیں 43 پر بھی ملا،بد قسمت بولر ایک بار پھر سعید اجمل تھے،آف سپنر کافی دیر تک امپائر روی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھتے رہے لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوئے،351کے مجموعی اسکور پر اچانک میتھیوز نے وکٹ کی قربانی پیش کردی،جنید خان کی گیند انھوں نے احمد شہزاد کی طرف اچھال کر اپنی اننگز کا 91 پر اختتام کیا، پیسر نے اگلی ہی گیند پر رنگنا ہیراتھ کو بغیر کھاتہ کھولے ایل بی ڈبلیو کردیا۔

دلروان پریرا کے سنچری طرف بڑھتے قدم محمد طلحہٰ نے روکے، انھوں نے 95کے انفرادی اسکور پر جنید خان کو کیچ تھامنے کا موقع فراہم کیا، شیمندا ایرنگا25اور سورنگا لکمل 2رنز کے ساتھ کریز پر تھے کہ آئی لینڈز نے 428پر اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا، پاکستانی بولرز 172اوورز کروانے کے باوجود حریٖف ٹیم کی تمام 10وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے، جنید خان 81 اور محمد طلحہٰ 99 رنز دے کر 3،3 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے،سعید اجمل نے 120رنز کے بدلے میں 2اور عبدالرحمان نے 121رنز کے عوض وکٹ لی،دونوں اسپنرز نے اوورز کی ففٹیز بھی مکمل کیں۔ پاکستان نے جوابی اننگزمیں 6 اوورز کے کھیل میں 19رنز بنائے، خرم منظور 14 اور احمد شہزاد 5رنز پر ناٹ آئوٹ پویلین واپس گئے۔