جنت مرزا کے خلاف مسیحی برادری کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درخواست

ویب ڈیسک  اتوار 6 جون 2021
عیسائی کمیونٹی  کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے جنت مرزا کو گرفتار کیا جائے، درخواست کا متن

عیسائی کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے جنت مرزا کو گرفتار کیا جائے، درخواست کا متن

لاہور: معروف پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کرسچن کمیونٹی کے جذبات مجروح کرنے پر مشکل میں پڑگئیں۔

جنت مرزا نے حال ہی میں ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی جس میں وہ عیسائیوں کی مذہبی علامت (مقدس صلیب) کو اپنی پینٹ کے اوپر پہنی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے کرسچن کمیونٹی نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے۔

کرسچن کمیونٹی کی جانب سے جنت مرزا کے خلاف درخواست ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کو پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے عیسائی کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے جنت مرزا کو گرفتار کیا جائے۔

اس درخواست کے جواب میں جنت مرزا نے ایک ویڈیو پیغام میں کرسچن کمیونٹی سے ان کے جذبات مجروح کرنے کے لیے معافی مانگی ہے۔ جنت مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا ’’یہ ویڈیو میں نے خصوصی طور پر اپنے کرسچن دوستوں اور مداحوں کے لیے بنائی ہے۔ ویڈیو میں جنت مرزا نے حالیہ تنازع کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کچھ دن پہلے مجھے ایک پی آر پیکج آیا تھا جس میں وہ چین موجود تھی اور میں نے وہ چین پہن کر ویڈیوز بناکر اپ لوڈ کردیں۔

بعد ازاں مجھے ویڈیو کے کمنٹ سیکشن سے پتہ چلا کہ اس چین میں موجود کراس کا نشان کرسچن کمیونٹی کا ہوتا ہے لہذا میں نے فوراً ساری ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں اور انسٹاگرام پر سب سے معافی مانگی کیونکہ مجھے اندازہ نہیں تھا اور میری کبھی یہ نیت نہیں رہی کہ میں کسی مذہب کی دل آزاری کروں۔

جنت مرزا نے اپنی غلطی مانتے ہوئے تمام لوگوں سے معافی مانگی اور کہا میرا یہ ماننا ہے کہ معافی مانگنے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوجاتا امید کرتی ہوں آپ سب مجھے معاف کردیں گے۔ اگر میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میری طرف سے اپنے دل میں کوئی بات نہ رکھیں آئندہ میں مزید احتیاط کروں گی کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔