تین کروڑ کی قیمتی کار برف خانے میں رکھ دی گئی... مگر کیوں؟

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جون 2021
اس سرد خانے میں ڈبل ڈیکر بسوں جیسی بڑی گاڑیاں اور فوجی مشینیں آزمائش کےلیے رکھی جاتی ہیں۔ (تصاویر: لیکسس)

اس سرد خانے میں ڈبل ڈیکر بسوں جیسی بڑی گاڑیاں اور فوجی مشینیں آزمائش کےلیے رکھی جاتی ہیں۔ (تصاویر: لیکسس)

بیڈفورڈ: ایک مشہور جاپانی کمپنی نے اپنی نئی اور مہنگی کار کو آزمائش کی غرض سے 12 گھنٹے کےلیے ایک بڑے برف خانے جیسے سرد خانے میں رکھوا دی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

یہ جاپانی کمپنی ’’لیکسس‘‘ ہے جو مہنگی کاریں بنانے کےلیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس کمپنی کی کاریں یورپ اور امریکا میں فروخت ہوتی ہیں۔

اسی کمپنی نے اپنی نئی ’’ایل سی کنورٹیبل‘‘ کار کو شدید سرد موسم میں آزمانے کی غرض سے بارہ گھنٹوں کےلیے ایک بڑے سرد خانے میں بند کردیا جو بیڈفورڈشائر، برطانیہ کے ملبروک پرووِنگ گراؤنڈ میں واقع ہے۔ پاکستانی روپے میں ایل سی کی قیمت تقریباً تین کروڑ بنتی ہے۔

اس چھت کی کار متحرک ہوتی ہے جسے ضرورت پڑنے پر کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔ آزمائش کی غرض سے کار کی چھت کھول دی گئی تھی۔

بیڈفورڈشائر کے اس سرد خانہ میں عام طور پر ڈبل ڈیکر بسوں جیسی بڑی گاڑیاں اور فوجی مشینیں آزمائش کی غرض سے رکھی جاتی ہیں جس کا خطیر معاوضہ بھی لیا جاتا ہے۔

آٹوموبائل انجینئروں کی ایک ٹیم نے اس دوران کار کے مختلف حصوں پر نظر رکھی تاکہ شدید سرد موسم میں اس پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جاتا رہے۔

لیکسس کمپنی کے مطابق، یہ کار شدید سرد موسمیاتی آزمائش پر پوری اتری اور اس نے زبردست قوتِ برداشت کا مظاہرہ کیا۔

آزمائش مکمل ہونے تک اس کار کے اندرونی اور بیرونی حصوں پر برف جم گئی تھی لیکن پھر بھی یہ سخت جان ثابت ہوئی اور اس کی کارکردگی پر بھی کوئی فرق نہیں پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔