لاہور قلندر نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
راشد خان کی 5 وکٹیں، زلمی کی ٹیم قلندرز کے 171 کے ہدف کے جواب میں 160 رنز بناسکی، شعیب ملک ںے 73 رنز بنائے (فوٹو : پی ایس ایل ٹویٹر)

راشد خان کی 5 وکٹیں، زلمی کی ٹیم قلندرز کے 171 کے ہدف کے جواب میں 160 رنز بناسکی، شعیب ملک ںے 73 رنز بنائے (فوٹو : پی ایس ایل ٹویٹر)

پاکستان سپر لیگ کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے دی۔

ابو ظہبی میں جاری پی ایس ایل 6 کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 170 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ جاری ہے۔

بیٹنگ کا آغاز کامران اکمل اور حیدر علی نے کیا۔ کامران صرف ایک رن اور حیدر علی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد شعیب ملک اور ڈیوڈ ملر نے کمان سنبھالی۔ راشد خان نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں ڈیوڈ ملر، رومن پویل، شرفین، فابین اور وہاب ریاض کو آؤٹ کیا۔

ڈیوڈ ملر کو راشد خان نے 21 رنز کے اسکور پر بولڈ کیا اور رومن پویل کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ راشد خان نے 15 رنز پر شرفین کو بولڈ اور صفر پر فابین ایلن کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ وہاب ریاض ان کے پانچویں شکار بنے جنہیں راشد خان نے 17 رنز پر آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی آٹھویں وکٹ شعیب ملک کی تھی جنہوں ںے سب سے زیادہ 48 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے ان میں سات چوکے اور چھ چھکے شامل ہیں۔

پشاور زلمی نے قلندرز کا 171 رنز کا ہدف عبور کرنے کی پوری کوشش کی تاہم ناکام رہے اور ٹیم 20 اوور کے اختتام تک 160 رنز بناسکی اس طرح لاہور قلندر نے 10 رنز کے فرق سے پشاور زلمی پر فتح حاصل کرلی۔ پلیئر آف دی میچ کا اعزاز راشد خان کے حصے میں آیا جنہوں نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلندرز کو فتح دلائی۔

قبل ازیں پشاور زلمی کی بولنگ کے سامنے لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ فخرزمان 1، سہیل اختر 7، محمد فیضان 8 اور محمد حفیظ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم بین ڈنک اور ٹم ڈیوڈ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

بین ڈنک 48 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جیمز فالکنر نے 7 گیندوں پر 22 رنز بنائے جب کہ ٹم ڈیوڈ نے شاندار نصف سنچری مکمل کی اور وہ 64رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض، محمد عرفان، محمد عمران، عمید آصف اور فیبین ایلین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

واضح رہے لاہور قلندرز نے کل کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔