وزارت تعلیم سال نو پر تعلیمی کلینڈر کی منظوری نہ دے سکی

صوبے میں میٹرک اور انٹر کا امتحانی شیڈول طے نہ ہوسکا،تعلیمی ادارے اور طلبا امتحان کی تاریخوں سے ناواقف


Staff Reporter January 20, 2014
صوبے میں میٹرک اور انٹر کا امتحانی شیڈول طے نہ ہوسکا،تعلیمی ادارے اور طلبا امتحان کی تاریخوں سے ناواقف.فوٹو فائل

ISLAMABAD: محکمہ تعلیم کی تعلیمی معاملات میں عدم دلچسپی کے سبب سندھ کے سرکاری اسکولوں اورکالجوں کا اکیڈمک ڈھانچہ تباہی کے دہانے پر آگیا ہے۔

وزارت تعلیم کی لاپرواہی سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 ماہ بعد شروع ہونے والے میٹرک اورانٹرکے سالانہ امتحانات کا شیڈول (نظام الاوقات) طے نہیں ہوسکا ہے جبکہ وزارت تعلیم نئے سال کے اکیڈمک کلینڈر کی منظوری نہیں دے سکی ہے جبکہ ان معاملات پر اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس بھی نہیں ہوسکا ہے، تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے سے صوبے میں میٹرک اورانٹرکے امتحانات کی تاریخ طے نہیں ہوسکی ، امتحانات میں ممکنہ طور پر3 ماہ کاعرصہ باقی ہے تاہم سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، طلبا اوروالدین ناواقف ہیں کہ سندھ میں میٹرک اور انٹرکے امتحانات کس تاریخ سے شروع ہوں گے، نظری امتحانات پہلے لیے جائیں گے یاعملی امتحانات کا مرحلہ پہلے آئے گا، ماضی میں اکیڈمک کلینڈر طے کرنے کیلیے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس دسمبر میں ہوتا تھا اور سال نو پر کلینڈر کو حتمی شکل دیدی جاتی تھی۔

 photo 5_zps428a4cf4.jpg

صوبائی وزیرتعلیم کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں میٹرک اورانٹرکے امتحانات، نتائج کے اجرا، موسم سرما،گرما کی تعطیلات اور صوبے کے تعلیمی کلینڈر کی منظوری دیکر تعلیمی بورڈز کو معینہ تاریخوں کا پابند کردیا جاتا ہے،اجلاس میں ایسی تعطیلات کی منظوری بھی دی جاتی ہے جو عام تعطیل کے علاوہ ہیں اوران چھٹیوںکا تعلق صوبائی تعطیلات سے ہے، اجلاس میں نویں اوردسویں کے امتحانی مراکز ،ویجلنس کمیٹیوں ،امتحانی طریقہ کارسمیت دیگراہم امتحانی اموراورصوبے میں تعلیمی سیشن کے آغازکے شیڈول کے فیصلے بھی کیے جاتے ہیں، تاہم ہنوز اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس نہ بلائے جانے سے ان تمام معاملات کی منظوری منظوری نہیں دی جاسکی ہے، وزیرتعلیم کے کوارڈی نیٹراعجاز جونیجو نے رابطے پر بتایا کہ وزیرتعلیم اورسیکریٹری تعلیم اجلاس میں شرکت کے لیے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں مذکورہ اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔