کراچیمختلف علاقوں میں فائرنگ پولیس اہلکار سیاسی کارکن سمیت7افراد ہلاک

چکراگوٹھ میں اےایس آئی،اورنگی ایم پی آر کالونی میں سیاسی کارکن، لیاری کے علاقے دریا آباد میں نوجوان کو نشانہ بنا


Staff Reporter January 21, 2014
شرافی گوٹھ میں بابا ولایت شاہ مزار کے قریب سے3لاشیں ملیں،افوٹو:محمد عظیم/ایکسپریس

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں نامعلوم افرا د کی فائرنگ سے 40 سالہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سید کامران علی نقوی جاں بحق ہوگیا، ایس ایچ او زمان ٹاؤن مقصود رضا نے ایکسپریس کو بتایا کہ کامران میٹھادر تھانے میں تعینات تھا اور وقوعہ کے وقت وہ موٹر سائیکل پر سادہ لباس میں جارہا تھا کہ چکرا گوٹھ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، مقتول کورنگی ساڑھے 5 نمبر کا رہائشی تھا، اطلاعات کے مطابق ملزمان نے فرار ہوتے وقت فائرنگ کی جسسے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 33 سالہ نور خان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن عبدالرحمن نے بتایا کہ مقتول ایم پی آر کالونی 2 نمبر کا رہائشی تھا، وقوعے کے وقت وہ گلبہار مدینہ مسجد آیا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، وہ سر پر 2 گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او عبدالرحمن نے بتایا کہ مقتول کے ورثا نے پولیس کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا اور لاش بغیر کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔



اطلاعات کے مطابق مقتول پیپلزپارٹی کا کارکن تھا۔ شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے الفلاح بند پر بابا ولایت شاہ مزار کے قریب 3 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم افراد نے سر پر گولیاں مار کر ہلاک کیا، ایس ایچ او شرافی گوٹھ اخلاق احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولین کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان ہیں، مقتولین میں ایک براؤن، دوسرا آف وائٹ جبکہ تیسرا ہلکے آسمانی رنگ کے شلوار قمیض میں ملبوس تھا، نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد انھیں قتل کیا اور لاشیں بند کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مقتولین کے فنگر پرنٹس حاصل کرکے نادرا کو بھجوادیے گئے ہیں۔ لیاری کے علاقے دریاآباد کی گلی نمبر 18 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ محمد سلیم ہلاک ہوگیا، مقتول بغدادی کے علاقے سیفی لین کا رہائشی تھا، مقتول کی لیاری گینگ یا کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی سامنے نہیں آسکی۔ ریسکیو حکام کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے الفلاح سوسائٹی میں 18 سالہ نیلم ، بھینس کالونی کے علاقے جوگی موڑ پر 25 سالہ عجب خان، نارتھ کراچی کے علاقے انڈا موڑ کے قریب 25 سالہ فاروق اور 35 سالہ محمد کاشف زخمی ہوگئے۔دریں اثنا منگھوپیر کے علاقے وانگی پاڑے سے کمبل میں لپٹی ہوئی 32 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔مولوی تمیزالدین خان روڈ پر ٹائروں کی دکان کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محمد اعظم شدید زخمی ہوگیا ۔