پشتونخوامیپ کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کر گئے

نمائندگان ایکسپریس  منگل 22 جون 2021
تدفین کل ہوگی،شاہ محمود،فواد،بلاول،مریم،فضل الرحمن کا اظہار افسوس۔ فوٹو: فائل

تدفین کل ہوگی،شاہ محمود،فواد،بلاول،مریم،فضل الرحمن کا اظہار افسوس۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد /  کراچی:  پشتونخوامیپ کے سینئر رہنما وسابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

عثمان کاکڑکو برین ہیمبرج کے باعث کوئٹہ سے 3روزقبل کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،ذرائع کے مطابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی لاش کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں ہوا۔

پوسٹ مارٹم کی ابتداء رپورٹ کے مطابق لاش پر کوئی تشدد یا جسمانی زخم کے نشانات نہیں ہیں۔ابتدائی معائنہ سے معلوم ہو رہا ہے کہ موت کی وجہ برین ہیموریج ہے, موت کی وجہ طبعی ہے۔

میت کے پوسٹ مارٹم سے پہلے آغا خان لے جایا گیا تھا جہاں کرانیوٹومی (سرجری) ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے پوسٹ مارٹم میں وقت لگ گیا۔پوسٹ مارٹم کی مکمل رپوٹ کیمیکل اور پیتھولوکل معائنہ کے بعد کچھ دنوں میں آئے گی۔

اہلخانہ نے عثمان کاکڑ کے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا تھا، پشتونخواملی عوامی پارٹی نے عثمان کاکڑکی وفات کوقومی سانحہ قراردیا،سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا کے مطابق عثمان خان کاکڑ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔

عثمان کاکڑ کے انتقال پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،فواد چودھری،فرخ حبیب،فضل الرحمن،مریم نواز،بلاول بھٹو،آصف زرداری اوردیگر سیاسی رہنماؤں نے اظہار افسوس کیا ۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ عثمان کاکڑجمہوریت کی مضبوط آوازتھے۔

دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ،سعید غنی انتقال کی اطلاع پر مقامی اسپتال پہنچ گئے اور لواحقین سے تعزیت کی، گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ،اسپیکر اسد قیصر، راجہ ظفرالحق،سینیٹر شیری رحمان نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے اعلامیے میں عثمان کاکڑ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ، اعلامیے کے مطابق کل 23 جون 2021 کو آبائی علاقے مسلم باغ میں تدفین ہوگی۔

عثمان کاکڑکی وفات پرمسلم لیگ(ن) بلوچستان نے تین روزہ سوگ ،سیاسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیاہے۔دریں اثنا عثمان کی نماز جنازہ پیر کی شب باغ جناح میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ جے یوآئی ف کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے پڑھائی۔

پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماقاسم خان۔جے یوآئی کے رہنما قاری شیر افضل، جماعت اسلامی کے عبدالرزاق۔ اے این پی کے شاہی سید ، مسلم لیگ ن کے سلیم ضیاء اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت پارٹی کے رہنما  وکارکنان  شریک ہوئے اس موقع پر سیاسی رہنماؤں نے سینیٹر عثمان کاکڑ کی سیاسی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔