پشاور زلمی کے حیدرعلی اور عمید آصف پی ایس ایل فائنل سے باہر

عباس رضا  جمعرات 24 جون 2021
دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا ہے

دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا ہے

ابو ظہبی: پشاور زلمی کے کھلاڑی حیدرعلی اور عمید آصف کو بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کردیا گیا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے لیے بنائے گئے بائیو سیکیور پروٹوکولزکی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے 2 کھلاڑیوں، حیدرعلی اور عمید آصف کو معطل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو آج ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں بھی ناکام رہے جب کہ دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا ہے۔

بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعہ پر ٹورنامنٹ کے کوویڈ 19 منیجمنٹ پینل نے دونوں کھلاڑیوں کی معطلی سے متعلق فیصلہ جمعرات کو کیا۔ اس پینل میں بیرسٹر سلمان نصیر (پی سی بی ، چیف آپریٹنگ آفیسر) اور بابرحامد (ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی اور سربراہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6) شامل ہیں۔ اس واقعے کے بعد یہ دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے  رکن سے نہیں ملے اور اب یہ دونوں کرکٹرز آئسولیشن روم میں جا چکے ہیں۔

علاوہ ازیں، بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ صہیب مقصود اب دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں حیدرعلی کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

صہیب مقصود ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے 11 میچز میں اب تک 363 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 40.33 اور اسٹرائیک 153کے قریب رہا۔ صہیب مقصود اس سے قبل 26 ون ڈے اور 20 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔انہوں نے آخری مرتبہ 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔