جوہر ٹاؤن دھماکا؛ بارودی گاڑی لاہورلانے والا دہشت گرد اور ایک خاتون گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جون 2021
سجاد حسین کا دھماکے کے ماسٹر مائنڈ پیٹر پال ڈیوڈ سے 10 سال پرانا تعلق ہے، پولیس ذرائع

سجاد حسین کا دھماکے کے ماسٹر مائنڈ پیٹر پال ڈیوڈ سے 10 سال پرانا تعلق ہے، پولیس ذرائع

 لاہور: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوہر ٹاؤن دھماکے میں زیر استعمال گاڑی لاہور منتقل کرنے والے مبینہ دہشت گرد اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 23 جون کو ہونے والے بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو لاہور منتقل کرنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا ہے، سجاد حسن نامی شخص کو منڈی بہاوالدین سے گرفتار کیا گیا ہے اور مبینہ دہشت گرد کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا شخص پیٹر پال کا ملازم سجاد ہے،  پیٹر پال کی گرفتاری کے وقت  سجاد ڈر کر اپنے گاؤں منڈی بہاؤالدین چلا  گیا تھا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی کار دوسرے  شہر میں تیار کی گئی، سجاد حسین نے دوران تفتیش گاڑی لاہور منتقل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

ملزم پیٹر پال ڈیوڈ ریواز گارڈن لاہور میں واقع نجی ہوٹل میں قیام کرتا تھا، پیٹر پال  کے نجی ہوٹل میں قیام کے دوران ایک خاتون رابطے میں رہتی تھی، تفتیشی اداروں نے مشتبہ خاتون کرن  کو  پیٹر پال کی نشاندہی پر حراست میں لیا۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھماکے میں ملوث ابھی بھی اس شخص کی تلاش جاری ہے جس نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار ہدف کے مقام پر پہنچائی۔  دہشت گرد کو گاڑی دیتے وقت سجاد بھی پیٹر پال کے ساتھ موجود تھا، تفتیشی اداروں کو  ڈیوڈ پال سے  کار لے جانے والے مبینہ دہشت گرد کی تلاش ہے۔

واضح رہے کہ 23 جون کو جوہر ٹاؤن میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ 25 جون کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور ایئرپورٹ سے پیٹر پال ڈیوڈ نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جو غیر ملکی شہری بتایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔