ایف ٹی او اور ایف بی آر میں ہم آہنگی کیلیے اسٹڈی کرائی جائیگی

اسٹڈی کیلیے احمد ایسوسی ایٹس کنسلٹنٹ منتخب،ٹرمز آف ریفرنس طے پا چکے،دستاویز


Numainda Express January 22, 2014
دستاویز کے مطابق مذکورہ کنسلٹنٹ فرم اپنی اسٹڈی میں عالمی سطح پر رائج مختلف ممالک کے سسٹمز کا جائزہ لے گی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی ٹیکس محتسب نے ٹیکس دہندگان کی شکایت کو فوری طور پر نمٹا کر ان پر عملدرآمد کے بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وفاقی ٹیکس محتسب آفس کے درمیان مطابقت پیدا کرنے کے لیے اسٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر اور وفاقی ٹیکس محتسب آفس کے درمیان ہم آہنگی، مطابقت و تعاون کے بارے میں اسٹڈی کرانے کے لیے احمد ایسوسی ایٹس کو بطور کنسلٹنٹ منتخب کیا ہے جس کے تحت مذکورہ اسٹڈی کے حوالے سے ٹرمز آف ریفرنس بھی طے پاچکے ہیں۔ دستاویز کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو لیٹر لکھا گیا ہے کہ اس اسٹڈی کے حوالے سے ایف بی آر کے تمام متعلقہ افسران و حکام اور ڈپارٹمنٹس کو احمد ایسوسی ایٹس کے ساتھ مکمل اور بھرپور تعاون کی ہدایت کی جائے تاکہ یہ اسٹڈی بروقت بہترطریقے سے مکمل کی جاسکے۔

 photo 2_zps709ca09e.jpg

دستاویز کے مطابق مذکورہ کنسلٹنٹ فرم اپنی اسٹڈی میں عالمی سطح پر رائج مختلف ممالک کے سسٹمز کا جائزہ لے گی جہاں ایف بی آر اور ایف ٹی او جیسے اداروں کے درمیان مطابقت کے لیے نظام وضع ہونگے، فرم کو اسٹڈی کیلیے دیے جانے والے ایوارڈ کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر اسٹڈی کا ابتدائی ورک پلان تیار کرکے پیش کرنا ہوگا اور وفاقی ٹیکس محتسب سیکریٹریٹ کی طرف سے ورک پلان کا جائزہ لینے کے بعد جن نکات کی نشاندہی کی گئی ہو گی انہیں درست کرکے 3 روز کے اندر اندر نظرثانی شدہ ورک پلان جمع کرانا ہو گا۔