طالبان نے امریکا کی 715 فوجی گاڑیوں سمیت بھاری اسلحے پر قبضہ کرلیا

طالبان چھینی گئی امریکی فوجی گاڑیوں اور اسلحے کی مدد سے افغانستان میں مزید علاقوں پر حکومت قائم کرلیں گے، فوربز


ویب ڈیسک July 03, 2021
طالبان نے سیکڑوں فوجی گاڑیوں، بھاری اسلحے اور گولہ بارود پر قبضہ کرلیا، فوٹو: ٹوئٹر

امریکی میگزین فوربز نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان نے صرف جون کے ماہ میں امریکی فوج کی جنگی گاڑیوں، اسلحہ اور گولہ بارود افغان سیکیورٹی فورسز سے چھین کر اپنے قبضے میں لے لیا۔

امریکا کے معروف تجارتی میگزین فوربز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ طالبان نے گزشتہ ماہ جون میں 715 امریکی جنگی گاڑیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا اور سوشل میڈیا پر ان گاڑیوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

یہ خبر پڑھیں : بگرام ائیر بیس 20 سال بعد افغان فوج کے حوالے

طالبان نے امریکی فوجی گاڑیوں کو افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں قبضہ کیا تھا جب کہ اسی دوران طالبان نے 65 امریکی فوجی گاڑیوں کو تباہ بھی کردیا۔ طالبان جھڑپوں کے بعد افغان فوج کے زیر استعمال امریکی گاڑیوں اور اسلحہ جیسے ہموی، ٹرکس، آرٹلری گنز اور اسالٹ رائفلز اپنے ہمراہ لے جاتے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : افغانیوں کو اپنی حفاظت کا طریقہ خود سیکھنا ہوگا، جوبائیڈن صحافی کے سوال پر بھڑک اُٹھے

طالبان نے گزشتہ ماہ جن 715 امریکی فوجی گاڑیوں کو قبضے میں لیا ہے اُن میں 270 فورڈ رینجر لائٹ ٹرک، 141 نیویسٹر انٹرنیشنل 7000 میڈیم ٹرک، 329 ایم 1151، کارگو بیڈ M1152 ہمیوز اور باردوی دھماکوں میں محفوظ رہنے والی 21 گاڑیاں شامل ہیں۔

فوربز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اگر طالبان چھینی گئی امریکی فوجی گاڑیوں کے لیے فیول کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس جنگی گاڑیوں اور اسلحے کی وجہ سے جلد ہی مزید اور علاقوں میں اپنی حکومت بنالیں گے۔