پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے درمیان مزید رابطے بڑھانے پر اتفاق

گورنرعشرت العباد سے رحمن ملک کی ملاقات، سندھ میںہم آہنگی کی فضا کے قیام پرتبادلہ خیال


Staff Reporter January 23, 2014
سندھ کوپولیوسے محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی دبائو کوقبول نہیں کیا جائے گا ،رہنمائوں کا عزم۔فوٹو:فائل

لاہور: گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے بدھ کوگورنر ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے رہنمااورسابق وفاقی وزیرداخلہ سنیٹررحمن ملک نے ملاقات کی۔اس موقع پرجاری صورتحال اور صوبے میں ہم آہنگی کی فضا کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیااوراس بات پراتفاق کیاگیا کہ صوبے کو دہشت گردی کے چلینج کا سامنا ہے۔

جس کے لیے ضروری ہے کے صوبے میں موجود تمام جماعتیں ٹھوس عزم کے ساتھ اپناکردارادا کریں اورعوام میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے آگاہی پیدا کریں۔ یہ مسئلہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جس کے لیے مکمل اتفاق کی ضرورت ہے، ملاقات میںاس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں نے انسداد پولیو مہم میں مصروف رضاکاروں کودہشت گردی کا نشانا بنایا،انھوں نے کہاکہ رضاکار قوم اورملک کے مستقبل کوبچانے کے لیے کوشاں تھے۔



انھوں نے جاں بحق ہونے والے رضاکاروں کی قربانیوں کوسلام پیش کیا اوراس عزم کا اظہارکیاکہ صوبہ سندھ کوپولیوسے محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی دبائو کوقبول نہیں کیا جائے گا اوران دہشت گردوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا،ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے درمیان موجودہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،اتفاق کیا گیا کہ اس حوالے سے مزید رابطوں کوبڑھایاجائے گا۔