عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی الیاس کی کرسی ہلنے لگی

محمد الیاس کو کوئی اور ذمہ داری سونپنے پر غور،راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقررکرنے کا امکان


Saleem Khaliq January 24, 2014
کوئی اور ذمہ داری سونپنے پر غور،راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقررکرنے کا امکان

عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کی کرسی ہلنے لگی،بورڈ حکام اب انھیں کوئی اور ذمہ داری سونپنے پر غور کر رہے ہیں۔

سابق کپتان راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پی سی بی نے محمد الیاس کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انھیں تقرری کا خط بھی جاری کر دیا تھا البتہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا، ایک سالہ معاہدے کے تحت انھیں ماہانہ پونے 2لاکھ تنخواہ دی جانی تھی،ذرائع کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے بورڈ حکام سے کہا گیا کہ یہ فیصلہ بیک فائر ہو سکتا ہے،ماضی میں الیاس کو خود ہی عہدے سے ہٹایا اب واپس لایا گیا تو تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا،اسی وجہ سے چند روز قبل انھیں بلا کر اعتماد میں لیا گیا، الیاس کو یقین دہانی کرا دی گئی کہ کوئی اور ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔

 photo 4_zps83f32aa3.jpg

ذرائع کے مطابق بورڈ اب راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے پر غور کر رہا ہے، اچھی ساکھ کے حامل سابق کپتان ڈومیسٹک کرکٹ ٹیم پورٹ قاسم سے وابستگی کے سبب نئے ٹیلنٹ سے بھی بخوبی واقف ہیں،البتہ راشد لطیف ماضی میں چیئرمین ذکا اشرف کیخلاف عدالت جا چکے، دیکھنا یہ ہو گا کہ اب ساتھ کام کرنے پر تیار ہوتے ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کیلیے اشتہار جمعے کو جاری کیا جا رہا ہے، سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل اس ذمہ داری کو سنبھالنے کیلیے مضبوط امیدوار ہیں۔