ڈیرہ غازی خان کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم سے 34 افراد جاں بحق

بس کے مسافر عید الاضحیٰ منانے اپنے آبائی علاقے جارہے تھے


ویب ڈیسک July 19, 2021
حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی فوٹو: انٹر نیٹ

تونسہ بائی پاس کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 34 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تونسہ بائی پاس کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار درجنوں افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ سپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے ابتدائی طور پر 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، جب کہ 60 سے زائد زخمیوں میں سے 16 دوران علاج دم توڑ گئے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی، بس کے مسافروں کی اکثریت مزدور پیشہ افراد کی تھی اور وہ عید الاضحیٰ منانے اپنے آبائی علاقے جارہے تھے۔

حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے ، بلاول

ڈیرہ غازی خان میں المناک ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے غم میں برابر کا شریک اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں ہیں، کوئی جمہوری حکومت اس کی متحمل نہیں ہو سکتی کہ المناک حادثے کو اتفاق قرار دے کر ہاتھ پر ہاتھ دہرے بیٹھی رہے، اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے کثیر الجہتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کا اظہار افسوس

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ۔ زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں