ویسٹ زون پولیس نے ٹارگٹ کلرز سمیت 163ملزمان گرفتارکرلیے

گزشتہ ہفتے231 چھاپے مارے گئے،13پولیس مقابلے ہوئے،بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد


Staff Reporter January 25, 2014
جاوید اوڈھو کی پریس کانفرنس میں ایکسپریس نیوز کے شہیدکارکنان اوردہشت گردی کے دیگر واقعات میں شہیدہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جارہی ہے(فوٹو ایکسپریس)

ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے ویسٹ زون کی ایک ہفتے کی کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اس دوران گرفتار کیے گئے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور سمیت 25 سے زائد ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی گئی۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ویسٹ زون پولیس نے231 چھاپوں اور 13پولیس مقابلوں کے دوران 10 قاتل، 5 بھتہ خور،32 اسٹریٹ کریمنل اور75 اشتہاری و مفرور سمیت مجموعی طور پر 163 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا، جاوید اوڈھو نے بتایا کہ سپر مارکیٹ پولیس نے2 ٹارگٹ کلرز شہباز عرف منا اور عدنان عرف نان کو گرفتار کیا، نیو کراچی پولیس نے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم امید الدین ولد حسن الدین کو گرفتار کیا جس نے قتل کی 13 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ اعظم خان عرف بلی کو بھی گرفتار کیا گیا، ملزم قتل اور موٹر سائیکل چوری کرنے کے مقدمات میں مطلوب تھا۔



پاکستان بازار پولیس نے ٹارگٹ کلر سید معروف شاہ عرف بابا ٹی ٹی جبکہ بھتہ خور ارسلان عرف چوہدری، محمد عدنان اور محمد ابراہیم کو گرفتار کیا، منگھو پیر میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا، سائٹ اے پولیس نے بھی بھتہ خور سمیع الرحمن کو گرفتار کیا جبکہ پیرآباد میں مقابلے کے بعد ایک ملزم محمد عمر ولد پیر محمد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گلبہار پولیس نے شان عرف شانی، ناظم آباد پولیس نے ملزم ناظم، جوہر آباد پولیس نے علی محمد جبکہ سرسید پولیس نے محمد وسیم کو گرفتار کیا، سپر مارکیٹ پولیس نے4 ملزمان نور احمد سومرو، شیخ محمد ارسلان، محمد جنید اور محمد آصف کو گرفتار کیا، ملزمان نے مال بردار ٹرک اسلحے کے زور پر چھینا تھا، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے ملزم آصف، سرجانی ٹائون پولیس نے ملزم مظفر علی ، روشن علی اور جاوید حسین جبکہ عزیز آباد پولیس نے ملزم جانباز، عزیزی الٰہی، زبیر، شہباز اور شان کو گرفتار کیا۔