کورونا وبا: خطرناک بھارتی ویریئنٹ اپنی تعداد 1,000 گنا زیادہ بڑھاتا ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  اتوار 1 اگست 2021
کورونا وائرس کا بھارتی ’ڈیلٹا ویریئنٹ‘ اس وقت تک پاکستان سمیت دنیا کے 132 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

کورونا وائرس کا بھارتی ’ڈیلٹا ویریئنٹ‘ اس وقت تک پاکستان سمیت دنیا کے 132 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لندن / بیجنگ: ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ پچھلے سال چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے مقابلے میں اس کی بھارتی قسم یعنی ’ڈیلٹا ویریئنٹ‘ اپنی تعداد 1,000 گنا زیادہ بڑھاتی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا ’ڈیلٹا ویریئنٹ‘ جو اس وقت تک پاکستان سمیت دنیا کے 132 ممالک میں پھیل چکا ہے، دسمبر 2020 میں بھارت سے دریافت ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق، یہ کورونا وائرس کی پچھلی اقسام سے 80 فیصد زیادہ پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وائرسوں پر تحقیق سے متعلق ماہرین کے آن لائن ڈسکشن فورم ’’وائرولوجیکل ڈاٹ آرگ‘‘ کی ایک حالیہ پوسٹ میں چینی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ناول کورونا وائرس (سارس کوو 2) کے ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثرہ مریضوں میں اس وائرس کی تعداد (وائرل لوڈ)، پچھلے سال والے کورونا وائرس سے 1,000 گنا زیادہ دیکھی گئی ہے۔

البتہ، کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر بشمول ماسک پہننا، ہاتھ دھونا، سماجی فاصلہ رکھنا، مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے گریز کرنا وغیرہ اختیار کرکے ڈیلٹا ویریئنٹ کا پھیلاؤ بھی مؤثر طور پر روکا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔