قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کا عدالتی ریمانڈ

بینکارکے قتل کا مقدمہ دوسری عدالت میںمنتقل کرنیکی درخواست کی سماعت ملتوی


Staff Reporter January 26, 2014
تھانہ کورنگی صنعتی ایریا نے ملزمان کو مخبر خاص کی اطلاع پر گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی محمد عرفان نے قتل کے مقدمات میں ملوث طارق یارخان عرف طارق کمانڈو اور یاسرخان عرف یاسرکمانڈوکو عدالتی ریمانڈ جیل بھیج دیا،ملزمان کے خلاف2008 میں اہلکار جہانگیر پٹھان اوررمیز نامی شہری کو قتل کرنے کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ملزمان مفرور تھے، تھانہ کورنگی صنعتی ایریا نے ملزمان کو مخبر خاص کی اطلاع پر گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی احمد صبانے مقامی بینکار قتل کیس میں ملوث ملزمان منصور مجاہد،انب زہرہ اورسیدہ معصومہ حسن زیدی کے مقدمے کودوسری عدالت میں منتقل کرنے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت 28جنوری تک کیلیے ملتوی کردی۔



مقتول فیصل نبی ملک کے والد ساجد نبی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی شاہد حسین چانڈیو کی عدالت میں زیر سماعت مقدمے پر عدم اعتماد کرنے اورمقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی کہ مذکورہ جج کے وکیل صفائی سابقہ پراسیکیوٹر شہادت اعوان کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، یہ مقدمہ اس سے قبل دوسری عدالت میں زیر سماعت تھا وہاں سے بھی مقدمہ ان ہی بنیادوں پر منتقل کیا گیا تھا جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے مذکور ہ مقدمے کی سماعت 15 فروری تک کیلیے ملتوی کردی۔