بارشوں میں نکاسی آب کیلیے منصوبہ بنایا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

نالوں کی توسیع اور صفائی کیلیے پی سی ون تیار کرکے بہائو میں رکاوٹ کی رپورٹ پیش کی جائے، رئوف اختر فاروقی


Staff Reporter January 27, 2014
نہرخیام کی چوڑائی تجاوزات کے باعث صرف 5 فٹ رہ گئی، آپریشن کی ضرورت ہے،انڈر پاسز میں لگی نکاسی آب کی لائنیں چوک ہوگئی ہیں،بریفنگ۔ فوٹو : فائل

شہر میں بارشوں سے پیدا ہونے والی ابتر صورتحال پر قابو پانے کرنے کے لیے بڑے مشاورتی اداروں کا کنسورشیم بناکر پورے شہر کا پی سی ون تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو بارشوں سے پیدا ہونے والی ابتر صورتحال سے نجات دلائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار مون سون سیزن میںکیے جانے والے اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رئوف اختر فاروقی نے محکمہ میونسپل سروسز اور محکمہ انجینئرنگ کو ہدایات دیتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ شہر کے برساتی نالوں کی صفائی اور نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے ، نالوں کی توسیع ، پختہ کرنے ، پانی کی نکاسی کے لیے مشینری کی خریداری اور درستگی سمیت ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور حکومت سندھ سے فنڈز کی فراہمی کے لیے پی سی ون تیار کیا جائے تاکہ صورتحال کی بہتری کے اقدامات کیے جائیں، برساتی نالوں میں پانی کے بہائو میں رکاوٹوں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ ترتیب دی جائے تاکہ نالوں کی درستگی اور بارشوں کی صورت میں نکاسی آب کے اقدامات کیے جاسکیں اور یہ عمل مون سون کی بارشوں سے قبل مکمل کرلیا جائے، برساتی نالوں کی صفائی کے ساتھ نکالے گئے کچرے کی منتقلی کا کام ساتھ ساتھ جاری رہنا چاہیے ماضی میں شہریوں کو بارشوں میں دشواریوں کا سامنا رہا ہے جو اس سال برداشت نہیں کی جائے گی۔

 photo 1_zps04820baf.jpg

شہری کوڑا کرکٹ نالوں کے اندر یا کناروں پر نہ ڈالیں ایسے اقدامات کیے جائیں کہ اس سال انڈر پاسز میں پانی جمع نہ ہو اور ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے، انھوں نے ہدایت کی کہ شہر کے بڑے برساتی نالوں جن میں منظور کالونی نالہ، چکور نالہ، گجر نالہ ، گولڈن ٹائون نالہ ، نہر خیام ، پی ای سی ایچ ایس نالہ ، اورنگی ٹائون نالہ اورسولجر بازار نالے کی صفائی ترجیحی بنیاد پر شروع کی جائے، تمام ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ بورڈز مل کرمون سون سیزن کے لیے حکمت عملی بنائیں اس موقع پر بریفنگ میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو نے بتایا کہ نہرخیام کو چوڑا کرنے کاکام جاری ہے ، جہاں تجاوزات کے باعث نالوں کی چوڑائی50 فٹ سے کم ہوکر 5 سے 7فٹ رہ گئی ہے وہاں تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی ضرورت ہے، انڈرپاسز میں پانی کی نکاسی کی لائنیں چوک ہوچکی ہیں جنھیں مون سون کی بارشوں سے پہلے کھولا جائے گا، اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، چیف انجینئر الیکٹریکل شفیع چاچڑ ، چیف انجینئر نیچرل نالے ابراہیم بلوچ اور اضلاع کے چیف انجینئرز نے شرکت کی۔