پولیس پر حملے ملزمان کی گرفتاری میں مدد کرنیوالوں کو انعام دینے کا اعلان

شہدا کے اہلخانہ کیلیے فی کس20لاکھ روپے اور خاندان کے ایک اہل فرد کو پولیس میں نوکری دی جائیگی،شاہد حیات


Staff Reporter January 27, 2014
لانڈھی میںشہید پولیس افسران واہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹرز میں ادا کی جا رہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس موبائلوں پر حملوں اور فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے 6پولیس افسران و اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والے افراد کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو لانڈھی کے علاقے میں دوران ڈیوٹی شہید کیے جانے والے پولیس اہلکار اے ایس آئی نعیم ، اے ایس آئی جاوید، ہیڈ کانسٹیبل عاصم ، کانسٹیبل محمد آصف ، کانسٹیبل فدا حسین اور کانسٹیبل خلیل احمد کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز ظہر گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، محکمہ داخلہ سید ممتاز علی شاہ ، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات سمیت سینئر پولیس افسران و اہلکاروں کے علاوہ شہدا کے اہلخانہ ، عزیز و رشتہ دار ، دوست احباب اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے اس موقع پر شہدا کو پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

 photo 3_zps35950abf.jpg

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہدا کے اہلخانہ کے لیے فی کس20 لاکھ روپے معاوضہ اور شہدا کی فیملی میں سے کسی ایک اہل فرد کو محکمہ سندھ پولیس میں ملازمت اور شہید پولیس اہلکار کی ریٹائرمنٹ تک اس کی تنخواہ اور ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن اہلخانہ کو دینے کا اعلان کیا، شاہد حیات نے پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے مدد فراہم کرنے اور نشاندہی کرنے والے افراد کے لیے 50 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے آئی جی سندھ نے شہید پولیس افسران و اہلکاروں کے ورثا سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے ان کی محکمہ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ پولیس کا ایک ایک افسراور جوان دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگا۔